بی جے پی حکومت کشمیریوں سے زمینیں چھین کرباہر کے لوگوں کو دے رہی ہے، کانگریس رہنما

بدھ 17 اپریل 2024 11:52

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انتظامیہ لوگوں سے زمینیں چھین کر غیر کشمیریوں کو دے رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سچن پائلٹ نے جموں خطے کے علاقے کٹھوعہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی زمینوں پر باہر کے لوگ قبضہ کر رہے ہیں۔

لوگوں سے زمینیں چھین کر باہر کے لوگوں کو دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مذہبی سیاست کا استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بے روز گاری، مہنگائی ، غربت وغیرہ پر کوئی بات نہیں کر رہی بلکہ اس نے اپنی سیاست مندر ، مسجد، ہندو، مسلم جیسے فرقہ وارانہ مسائل تک محدود کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سچن پائلٹ نے بھارتی الیکشن کمیشن کوبھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے اکائونٹس منجمد کیے گئے، ایک منتخب وزیر اعلیٰ (کیجری وال) کو جیل بھیج دیا گیالیکن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بھر میں تبدیلی کی لہرجاری ہے اور بی جے پی کو اپنے دس سالہ دور حکومت کا حساب دینا پڑے گا۔سچن پائلٹ پارٹی امید وار چودھری لال سنگھ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ادھمپورکے دورے پر ہیں جہاں بھارتی پارلیمانی انتخابات کیلئے پولنگ 19اپریل بروز جمعہ ہو گئی۔