بلوچستان میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، درجن سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

بدھ 17 اپریل 2024 15:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوگیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کلدان کی سب تحصیل سنٹسر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث درجن سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔دالبندین میں رات گئے سے جاری بارش سے کھڑی فصلوں میں پانی جمع ہوگیا، اس کے علاوہ پاک افغان سرحدی علاقے میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔

بارشوں اور سیلاب سے ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ 5 روز سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوگئی ۔گوادر سٹی سمیت گردونواح میں بھی طوفانی ہواں کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا ہے جس کے باعث گوادر میں نجی اسکولوں نے چھٹی کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے کچھ اضلاع میں مطلع ابر آلود جبکہ رات سے کراچی، حیدرآباد، سانگھر، پڈعیدن، دادو، لاڑکانہ،جیکب آباد، خیرپور، مٹھی میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، اسلام آباد، مری، گلیات اورگردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) نے کہا ہے کہ جمعرات سے پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالا، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہو گی اور ڈیرہ غازی خان، کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں تغیانی کے امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں، موجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی گرنے کی توقع ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت دی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچا کے لیے شہری محفوظ مقامات پر رہیں۔