بی جے پی حکومت کشمیریوں سے زمینیں چھن کر باہر کے لوگوں کو دے رہی ہے، کانگریس رہنماء

بدھ 17 اپریل 2024 18:19

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ لوگوں سے زمینیں چھین کر غیر کشمیریوں کو دے رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سچن پائلٹ نے جموں خطے کے علاقے کٹھوعہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی زمینوں پر باہر کے لوگ قبضہ کر رہے ہیں۔

لوگوں سے زمینیں چھین کر باہر کے لوگوں کو دی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مذہبی سیاست کا استعمال کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت بے روز گاری، مہنگائی ، غربت وغیرہ پر کوئی بات نہیں کر رہی بلکہ اس نے اپنی سیاست مندر ، مسجد، ہندو، مسلم جیسے فرقہ وارانہ مسائل تک محدود کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سچن پائلٹ نے بھارتی الیکشن کمیشن کوبھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے اکائونٹس منجمند کیے گئے، ایک منتخب وزیر اعلیٰ (کیجری وال) کو جیل بھیج دیا گیالیکن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت بھر میں تبدیلی کی لہرجاری ہے اور بی جے پی کو اپنے دس سالہ دور حکومت کا حساب دینا پڑے گا۔سچن پائلٹ پارٹی امید وار چودھری لال سنگھ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ادھمپورکے دورے پر ہیںجہاںبھارتی پارلیمانی انتخابات کیلئے پولنگ 19اپریل بروز جمعہ ہو گئی۔