Live Updates

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس،آصف زرداری کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی اراکین کا شورشرابہ واحتجاج

اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی شروع کر دی،پی ٹی آئی اراکین نے عمران خان کے پوسٹر ایوان میں لہرانے شروع کر دئیے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 16:52

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس،آصف زرداری کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی اراکین ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعدسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کا آغازکیا ۔

اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی اپوزیشن کے ارکان نے احتجاج اورشور شرابہ شروع کردیا۔پی ٹی آئی اراکین نے عمران خان کے پوسٹر ایوان میں لہرانے شروع کر دئیے۔سپیکر قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو خطاب کی دعوت دی ۔آصف علی زرداری جیسے ہی خطاب کیلئے آئے تو اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کےلئے نعرے بازی کی اور ایوان میں شور شرابا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی اراکین نے مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے جعلی پارلیمنٹ نامنظور کے نعرے لگائے اور ایوان میں آصف علی زرداری کے خطاب کے دوران مسلسل شورشرابہ جاری رکھا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان،چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر سفراءنے شرکت کی جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت تینوں سروسز چیفس اجلاس میں شریک ہوئے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ارکان سینیٹ اور قومی اسمبلی، وزیراعظم شہباز شریف ، آصفہ بھٹو زرداری ، بلاول بھٹو زردرای بھی ایوان میں موجود تھے۔گزشتہ ہفتے صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا تھا، آصف علی زرداری حکمران اتحاد کی جانب سے نامزد کیے جانے کے بعد گزشتہ ماہ دوسری بار صدر مملکت منتخب ہوئے تھے۔یاد رہے کہ دوسری مرتبہ پاکستان کے صدرِ بننے والے آصف علی زرداری پہلی مرتبہ 2008 میں 5 سال کے لیے اس عہدے پر فائز ہوئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات