کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا شہید ایس حمید وانی کو خراج عقیدت

جمعرات 18 اپریل 2024 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر نے معروف مزاحمتی رہنما ایس حمید وانی شہید کی شہادت کی برسی پر آج ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا۔ بھارتی فوجیوںنے ایس حمید وانی کو 18 اپریل 1998 کو سری نگر میں شہید کیا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کنوینر محمود احمد ساغر کی زیر صدارت دعائیہ مجلس میں شہید رہنما کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔

حریت رہنمائوں نے کہا کہ ایس حمید وانی ایک مخلص اور دیاندار رہنما تھے جنہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوںنے کہا کہ تحریک آزادی میں شہید رہنما کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کا قتل اور بلاجواز گرفتاری ایک معمول بن چکا ہے ۔

اجلاس میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں۔اجلاس کے آخر پر ایس حمید وانی اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی اور جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کی دعا کی گئی۔دعائیہ مجلس میں محمود احمد ساغر کے علاوہ سید یوسف نسیم، محمد حسین خطیب، امتیاز وانی، شیخ محمد یعقوب، ایڈوکیٹ پرویز احمد، راجہ خادم حسین، اعجاز رحمانی ، شیخ عبدل ماجد، گلشن احمد، زاہد صفی، سید مشتاق، محمد اشرف ڈار، زاہد اشرف، اقبال بلوچ،ظہور احمداور دیگر شریک تھے۔