Live Updates

بابر اعظم پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے

پاکستان کے کامیاب ترین کپتان عمران خان ہیں جنہوں نے 89 کامیابیاں حاصل کررکھی ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 اپریل 2024 22:42

بابر اعظم پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اپریل 2024ء ) بابر اعظم پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں کامیابی بابر اعظم کی بطور پاکستانی کپتان 136 میچز میں 79 ویں جیت تھی جس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں ۔ پاکستان کے کامیاب ترین کپتان عمران خان ہیں جنہوں نے187 میچز میں 89 کامیابیاں حاصل کررکھی ہیں ۔

وسیم اکرم 78 کامیابوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے جب کہ مصباح الحق 77 فتوحات حاصل کرکے چوتھے نمبر پر ہیں ۔ بابر اعظم کی نظریں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 4000 رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بننے پر ہیں۔ اس تاریخی کارنامے کو حاصل کرنے کے لیے انہیں 288 رنز درکار ہیں، بابر اس وقت 3712 رنز سکور کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والوں کی فہرست میں ویرات کوہلی (4037) اور روہت شرما (3974) سے پیچھے ہیں ۔

انہیں کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 326 رنز درکار ہیں ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف صرف تین ٹی ٹونٹی میچز میں فتوحات انہیں سب سے کامیاب ٹی ٹونٹی کپتان بنا دے گی ، وہ یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے برائن مسابا کا ریکارڈ توڑیں گے جنہوں نے بطور کپتان 56 میچز میں 44 فتوحات حاصل کی ہیں۔ بابر اس وقت 43 کامیابیوں کے ساتھ انگلینڈ کے آئن مورگن (72 میچز) اور افغانستان کے اصغر افغان سے آگے ہیں۔

اگر بابر اعظم سیریز کے پانچوں میچوں میں حصہ لیتے ہیں تو وہ 76 میچوں کے ساتھ تاریخ میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میں اپنی قوم کی کپتانی کرنے کے ایرون فنچ کے ریکارڈ کو برابر کر دیں گے۔ اس وقت بابر 73 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ بابر بطور ٹی ٹونٹی کپتان ایرون فنچ کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے قریب بھی ہیں ۔ سیریز میں صرف 28 رنز انہیں فنچ کے 2236 رنز سے آگے پہنچا دیں گے جو آسٹریلیا کے T20I کپتان کے طور پر 76 اننگز میں بنائے تھے۔ بابر نے بطور کپتان 65 اننگز میں 2209 رنز بنائے ہیں ۔ کین ولیمسن اس فہرست میں 71 اننگز میں 2125 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات