لوہارگلی سڑک بارشوں میں اکثربند رہنے کے باوجود حکمران توجہ نہیں دے رہے، مظفرحسین منہاس

پیر 22 اپریل 2024 15:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) لوہار گلی سڑک گزشتہ 15 سے 20سالوں سے بارش کے دوران اکثر بند رہتی ہے ، اسی عرصے میں کافی تعداد میں جانی و مالی نقصان بھی ہو چکا ہے مگر آزادکشمیر کی حکومتوں ، بیورو کریسی کو نہ تو انسانی جانوں کے ضیاع اور نہ املاک کے نقصان ہونے کا احساس ہوتا ہے ، متبادل ٹنل /سڑک تعمیر نہیں کی جاسکی یہ مظفرآباد ڈویژن کی قیادت کیلئے سوچنے کا مقام ہے ، ان خیالات کا اظہار مظفر حسین منہاس سماجی رہنماء نے یہاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ متذکرہ سڑک مظفرآباد ڈویژن کی عوامی ضرورت کے علاوہ دفاعی ضرورت بھی پوری کرتا ہے مگر طویل مدت سے حادثات / بندش کی تکلیف و اضافی کرایہ ادائیگی کے باوجود کوئی بھی حکومت /قیادت اس طرف توجہ نہیں دے رہی ، انہوں نے وزیراعظم پاکستان ، وزیر امور کشمیر اور وزیراعظم آزادکشمیر سے لوہار گلی ٹنل / سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کی سیاسی قیادت متذکرہ ٹنل /سڑک کی تعمیر کا معاملہ حکومت پاکستان /آزادکشمیر سے حل کروائیں یا اقتدار سے الگ ہو کر عوام کے پاس آ کر اپنی ناکامی بے بسی تسلیم کریں ۔