وزیراعظم آزاد کشمیر کے دبنگ احکامات، کرپشن مکاؤ مہم عروج پر پہنچ گئی

بدھ 24 اپریل 2024 15:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیراعظم آزاد کشمیر کے دبنگ احکامات، کرپشن مکاؤ مہم عروج پر پہنچ گئی، ترقیاتی ادارہ مظفرآباد میں گزشتہ سالہا سال سے محکمہ اطلاعات کے قوانین کو بائی پاس کرنے والے مافیا کی جانب سے ڈمی اشتہارات کی مد میں کروڑوں روپے ہڑپ کرنے کے خلاف تحقیقات شروع۔ چیئرمین ترقیاتی ادارہ نے پبلسٹی آفیسرز سے جواب طلب کر لیا۔

ادارے میں ایک بار پھر کھلبلی مچ گئی۔ پبلسٹی آفیسر جان بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے ریاست بھر کے ترقیاتی و بلدیاتی اداروں سمیت دیگر اداروں سے کرپشن لوٹ کھسوٹ، اقربا پروری و دیگر معاشرتی مسائل کو ختم کرنے کے لیے جدوجہد کے بعد سربرہان ادارہ جات بھی متحرک ہو گئے۔

(جاری ہے)

اسی تناظر میں گزشتہ دنوں شدید عوامی شکایات کے بعد ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کی جانب سے پبلسٹی آفیسر رشید مغل کی شدید عوامی شکایات لوٹ مار پر چیئرمین ترقیاتی ادارہ نے قوانین کے خلاف کروڑوں روپے کے دیے جانے والے اشتہارات، ٹینڈر نوٹس، بھرتی کے اشتہارات و دیگر بارے جواب طلب کر لیا ہے۔

جلد پبلسٹی آفیسرز کو قانون کے شکنجے میں لانے کی شنید ہے۔ دوسری جانب زرائع نے کہا ہے کہ شہریوں نے پبلسٹی آفیسر ترقیاتی ادارہ رشید مغل کے خلاف اینٹی کرپشن میں بھی درخواست دائر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے بھی ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے پبلسٹی آفیسر رشید مغل کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رشید مغل اپنی عیاشیوں کو برقرار رکھنے کے لیے جعلی ڈمی اشتہارات کے ذریعے لاکھوں روپے کما رہے تھے۔

سرکاری گاڑی کا بے دریغ استعمال اور اس میں سرکاری پٹرول کو پانی کی طرح استعمال کرنے پر بھی شہریوں نے شدید تاسف کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر اداروں میں بھی پبلسٹی کی آڑ میں ریاستی خزانے اور عوامی فنڈز ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقوم کی بندر بانٹ اور اللے تللے پر لٹانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کاروائی کی جائے۔ دوسری جانب ترقیاتی ادارہ میں پبلسٹی آفیسر نے جان بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دیے ہیں جلد اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔