کل جماعتی حریت کانفرنس کا تنازعہ کشمیر کے حل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عز م کا اعادہ

اقوام متحدہ کا چارٹر قوموں کو غیر ملکی تسلط کے خلاف جدوجہد کا حق دیتا ہے لہذا کشمیریوں کی جدوجہد بھی بالکل جائزاور منصفانہ ہے،ترجمان

جمعہ 26 اپریل 2024 14:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکے مطابق حل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ جموںوکشمیر کے آزادی پسند عوام غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے ایک پر امن جدوجہد کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر قوموں کو غیر ملکی تسلط کے خلاف جدوجہد کا حق دیتا ہے لہذا کشمیریوں کی جدوجہد بھی بالکل جائزاور منصفانہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوںکی جدوجہد کو گزشتہ 76برس سے فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے اپنے مذموم منصوبے میں ناکامی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت نے آزادی مانگنے کی پاداش میں اب تک لاکھوں کشمیری شہید اور ہزاروں لاپتہ کیے ہیں ، حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر دیا ہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، مولوی بشیر احمد، بلال صدیقی، امیر حمزہ، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر حمید فیاض، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو اور دیگر برسہا برس سے مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارت ایک مرتبہ پھر مقبوضہ علاقے میں انتخابی ڈرامہ رچا کر عالمی برادری کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہیں ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ انتخابات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ہرگز متبادل نہیں ہیں اور بھارت کو چاہیے کہ وہ غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے۔ انہوںنے اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور گروپ 20 ملکوں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔