کل جماعتی حریت کانفرنس کا امان اللہ مرحوم کو برسی پر خراج عقیدت

جمعہ 26 اپریل 2024 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے تحریک آزادی کے معروف رہنما اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان مرحوم کی آٹھویں برسی پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دعائیہ مجلس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔

حریت رہنماﺅں نے اس موقع پر مرحوم رہنما کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے اپنی زندگی جموںوکشمیر کے عوام کی آزادی کیلئے وقف کر دی تھی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک انتہائی نڈر اورباصلاحیت رہنما تھے جو آخر دم تک ایک عظیم کاز کیساتھ وابستہ رہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں آج سوپور میںشہید ہونے والے دو نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بیگناہ لوگوں کے قتل اور گرفتاری سے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتا اور وہ اپنے شہداءکا عظیم مشن مقصد کے حصو ل تک جاری رکھیں گے۔ حریت رہنماﺅں نے اس موقع پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل،ایشاءواچ اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں رکوانے کیلئے بھارت پر بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔ آخر میں امان اللہ خان مرحوم اور شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی گئی ۔