پاکستان پیپلز پارٹی کا عالمی یوم مزدور نظریاتی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کااعلان

پیر 29 اپریل 2024 20:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادجموں وکشمیرنے کل منگل کو عالمی یوم مزدور نظریاتی جوش و جذبے اور اس تجدید عہد کے ساتھ منانے کااعلان کردیا کہ جب تک مزدور کو اس کے بنیادی حقوق میسر نہیں آتے ہماری پرامن جمہوری ، آئینی ، قانونی جدوجہد جاری رہے گی ۔ کل منگل کو عالمی یوم مزدور کے موقع پر دارلحکومت مظفرآباد میں سیمینار منعقد کیا جائے گا جس کی صدارت پارٹی صدر چوہدر ی محمد یاسین اور مہمان خصوصی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کریں گے۔

سیمینار سے وزراء ، ممبران اسمبلی ، پارٹی رہنما ،اس کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداران اور مختلف مکاتب فکر کے زعما خطاب کرینگے ۔ عالمی یوم مزدور کے موقع پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع ، تحصیل ، سٹی مقامات پر شکاگو کے عظیم مزدوروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور دنیا بھر کے محنت کشوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے جلسے جلوس ریلیاں اور سیمینار ز منعقد کرکے حکومتوں سے قانون سازی کے ذریعے عملدرآمد کے مطالبات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نامزد امیدوار اسمبلی حلقہ سات لیپہ شوکت جاوید میر نے کہا کہ شکاگو کے عظیم مزدوروں نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے استحصالی اور جبری نظام کے خلاف جس جدوجہد کی ابتدا کی تھی وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکی ، پاکستان میں پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ، لیبر و زرعی اصلاحات کا نفاذ کرکے انقلابی تبدیلیوں کی بنیادرکھی تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔