حکومت انتقامی کارروائیوں کی بجائے افہام و تفہیم کا راستہ اپنائے ،حافظ احمد علی

بانی پی ٹی ائی سے مذاکرات کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے میڈیا سے گفتگو

پیر 29 اپریل 2024 22:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) جمعیت علما اسلام(رابطہ)کے مرکزی رہنما حافظ احمد علی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے افہام و تفہیم ضروری ہے ،مخالفین کو دیوار سے لگانے کی پالیسی ترک کرنا ہوگی،چیف جسٹس قاضی عیسی کی جانب سے اپنا پروٹوکول ختم کرنا لائق تحسین ہے حکمرانوں کو بھی اپنا یہی رویہ اپنانا چاہیے ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی صفوں کے اندر سے بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے کے مطالبات پر وزیراعظم اور مقتدر حلقوں کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے،دورہ کراچی کے دوران تاجر برادری نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو یہی مشورہ دیا تھا، انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ عوام کو مہنگائی،بیروزگاری،سے نجات دلانے کے لیے کوئی پالیسی نہیں دے سکا ہے موجودہ حکومت پی ڈی ایم حکومت ہی کا تسلسل ہے اور یہ نظام زیادہ دیر تک چلتا نظر نہیں آرہا،آئی ایم ایف سے کڑی شرائط پر مزید قرضے لیے جا رہے ہیں ،جس کے نتیجے میں عوام پر پٹرول قیمتوں اور مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جنوری میں گندم کی درآمد میگا کرپشن سکینڈل ہے،حکومت کا تحقیقات کرانے کا اعلان محض رسمی ہے مذکورہ اسکینڈل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے،ملک بھر میں کسانوں سے گندم کی خریداری کر کے کسانوں میں پائی جانے والی بے چینی ختم کی جائے ،انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے انتقامی کاروائیاں ختم کر کے پانی پی ٹی ائی کو رہا کیا جائے،اور مخالفین کو جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے دیوار سے لگانے کا سلسلہ روکا جائے عوام کو بجلی گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نجات دلائی جائے کراچی کی عوام کو کے الیکٹرک کے عذاب سے چھٹکارا دلایا جائے