مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں، اپریل میں 8 بے گناہ کشمیری شہید

بدھ 1 مئی 2024 18:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ اپریل میں ایک کمسن لڑکے سمیت 8کشمیریوں کو شہید کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فورسز نے ان میں سے پانچ افراد کوجعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہیدکیا۔

اس دوران حریت رہنما فردوس احمد شاہ سمیت 205شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شدگان میں سے بہت سوں کے خلاف ”یو اے پی اے‘ ‘اور پی ایس اے “ جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ فوجیوں نے جنوری 1989سے اب تک 96ہزار300کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ اس وقت حریت رہنمائوں، کارکنوں، نوجوانوں، طلبا، علمائے کرام، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت 5ہزار سے زائد کشمیری بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں نظربند ہیں۔

(جاری ہے)

بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے اپنے تازہ اقدام میں ضلع بارہمولہ میں مزید سات کشمیریوں کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لیں تاکہ انہیں تحریک آزادی سے وابستگی کی سزا دی جا سکے۔ قابض حکومت نے پہلے ہی سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ کوارٹر اور سید علی گیلانی شہید اور جماعت اسلامی سمیت حریت رہنماﺅں اورتنظیموں کے سینکڑوں مکانات اور دیگر املاک ضبط کرلی ہیں۔

حکام علاقے میں بہت سے رہائشی مکان اور شاپنگ پلازے مسمار بھی کر چکے ہیں۔ ادھر بی جے پی رہنمائوں نے راجوری اورپونچھ خطے میں مسلمانوں کو دھمکیاں دی ہیں کہ وہ یا تو سنگھ پریوار کے حمایت یافتہ امیدوار کو ووٹ دیں یا 1947 جیسی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں ۔ہندو جنونیوں نے ڈوگرہ فورسز کے ساتھ ملکر1947 میں جموں خطے میں لاکھوں مسلمانوں کو بے رحمی سے قتل کیا تھا۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے بی جے پی کے کشمیر مخالف ہتھکنڈوں کے خلاف آج سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت کے کشمیر مخالف اقدامات پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس نے علاقے کی منفرد شناخت مٹانے کے لیے کئی محاذوں پر حملے شروع کر رکھے ہیں۔ دریں اثناءمقبوضہ جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دو نوجوانوں کی غیر قانونی نظربندی کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انکی رہائی کا حکم دیا ۔