مقبوضہ کشمیر،محاصرے اورتلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ،لوگ بدستور مشکلات کا شکار

کل جماعتی حریت کانفرنس کا شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ

جمعرات 9 مئی 2024 19:01

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی پریشانیوں میں کوئی کمی نظر نہیں آرہی ہے ، بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ خوف ودہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری، پولیس اور نام نہاد ویلج ڈیفنس گارڈز کے اہلکار پونچھ، راجوری اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چھ دنوں سے تلاشی کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قابض بھارتی اہلکار ڈرون کیمروں اور سراغرساں کتوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان اضلاع میں آپریشن نامعلوم مسلح افراد کیطرف سے ہفتے کے روز پونچھ کے علاقے شاشتر میں بھارتی فضائیہ کے ایک قافلے پر حملے کے بعد شروع کیا گیاتھا جس میں ائر فورس کا ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران اب تک دو درجن سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میںلیا ہے ۔

ادھمپور اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں قابض فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ آج 12 ویں روز بھی جاری رہا ۔ ضلع کولگام کے علاقے ریڈونی میں اسی طرح کا ایک آپریشن آج مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا جہاں منگل کے روزفوجیوں کی طرف سے کیمیائی مادے کے استعمال سے تین نوجوان شہید اور متعدد مکانات تباہ ہو گئے تھے۔ بھارتی فوجی پرتشدد کارروائیوں کے دوران مکینوں کو ڈرانے ،دھمکانے اور ہراساں کرنے کے علاوہ قیمتی گھریلو اشیا ء کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو تحریک آزادی سے وابستگی کی سزا دینے کیلئے وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے ۔انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگا م میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میںانسانیت کیخلاف جاری بھارتی جرائم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔دریں اثناء پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں حالات معمول پر لانے کے بھارتی دعوے بے بنیادہیں کیونکہ کشمیریوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی جیلوں میں قیدہے۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کشمیریوں کے حقوق ، شناخت اور وسائل پر حملہ آور ہے اور انہیں بے اختیار کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔