کچے کے ڈاکوﺅں کو نیست و نابود کریں گے،مراد علی شاہ

سندھ حکومت بے بس نہیں بلکہ بے بس تو ڈاکو ہیں جو کچے میں چھپے ہوئے ہیں،سندھ والوں کیلئے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کے حوالے سے جلد بڑا اعلان ہوگا،وزیراعلیٰ سندھ کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 13 مئی 2024 11:10

کچے کے ڈاکوﺅں کو نیست و نابود کریں گے،مراد علی شاہ
حیدر آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مئی 2024) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کچے کے ڈاکوﺅں کو نیست و نابود کریں گے، سندھ حکومت بے بس نہیں بلکہ بے بس تو ڈاکو ہیں جو کچے میں چھپے ہوئے ہیں، لوگ کہتے ہیں سندھ میں آتے ہی سڑکوں کی حالت خراب ہوجاتی ہے۔عوام کو یہ نہیں معلوم کہ یہ وفاقی حکومت کی سندھ میں سڑکیں ہیں جس پر وفاقی حکومت کوئی توجہ نہیں دیتی۔

حیدر آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ والوں کیلئے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کے حوالے سے جلد بڑا اعلان ہوگا۔ صوبے میں 300 یونٹ بجلی مفت دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔عوام کو چاہیے کہ بجلی کا استعمال مناسب طریقے سے کریں کیونکہ بجلی مہنگی ہے، عوام بجلی کا بل پابندی سے ادا کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو وفاقی حکومت اور نہ ہی کسی دوسرے عہدیدار نے ایسی کسی ترمیم پر بات کی ہے۔

کسی نے بھی این ایف سی وسائل کی تقسیم کے فارمولے پر نظر ثانی کے حوالے سے مجھ سے بات نہیں کی۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میری وزیراعظم سے 3 اور وزیر خزانہ سے 2 ملاقاتیں ہوئی ہیں لیکن کسی نے ان سے اس معاملے پر بات نہیں کی۔ آئین نے صرف صوبوں کا حصہ بڑھانے کی اجازت دی ہے اور اسے کم نہیں کیا جا سکتا۔پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت دی ہے کہ 5 سالوں کے اندر پینے کا صاف پانی ہر گھر تک پہنچایا جائے۔

ہم صوبے میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ کی تبدیلی کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کے پاس ہے۔ ہم متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سمیت ہر اپوزیشن پارٹی کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ میری میڈیا سے بھی درخواست ہے کہ وہ بالائی سندھ کے ’ڈاکووں کی اچھا دکھانے سے گریز کریں جنہوں نے کان کنوں، مزدوروں اور اقلیتی برادریوں کے ارکان کو اغوا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صحافی جان محمد مہرکے قاتل ضرور گرفتار کرینگے اور کوششیں جاری ہیں۔