دبئی پراپرٹی لیکس میں کیا نیا انکشاف ہوا؟ یہ پرانی ڈبہ فلم کا چربہ ہے، خواجہ آصف

پرویز مشرف، شوکت عزیز، فیصل واوڈا اور بہت سے نام جو سامنے آرہے ہیں وہ پہلے بھی تھے اور وہ انکاری بھی نہیں تھے۔ وزیر دفاع کا دبئی پراپرٹی لیکس پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 مئی 2024 11:02

دبئی پراپرٹی لیکس میں کیا نیا انکشاف ہوا؟ یہ پرانی ڈبہ فلم کا چربہ ہے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2024ء ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دبئی پراپرٹی لیکس میں کیا نیا انکشاف ہوا؟ یہ پرانی ڈبہ فلم کا چربہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے پانامہ لیکس کا کیا ہوا تھا جو اب پراپرٹی لیکس کا رولا پڑ گیا ہے؟ میاں نواز شریف جس کا پانامہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا اس کو ٹارگٹ کر لیا گیا، اب پراپرٹی لیکس میں کیا نیا انکشاف ہوا ہے؟ پرویز مشرف، شوکت عزیز، فیصل واوڈا اور بہت سے نام جو سامنے آرہے ہیں، وہ پہلے بھی تھے اور وہ انکاری بھی نہیں تھے، واردات کیا ہوئی ہے کوئی بتائے، یہ پرانی ڈبہ فلم کا چربہ ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ دبئی پراپرٹی لیکس میں پاکستانیوں کی دبئی میں اربوں ڈالرز کی جائیدیں ہونے کا انکشاف ہوا ہے، دبئی میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز، فیصل واوڈا، آصف زرداری کے بچوں، محسن نقوی کی اہلیہ سمیت 17 ہزار پاکستانیوں کی دبئی میں مجموعی طور پر 11 ارب ڈالر کی جائیدادیں پائی گئی ہیں، مجموعی طور پر دبئی میں عالمی اشرافیہ کی 389 ارب ڈالرز کی پراپرٹی لیکس منظر عام پر آگئی ہیں ، پراپرٹی لیکس کے تحت سعودی شہریوں کی جائیدادوں کی مالیت 8اعشاریہ 5 ارب ڈالرہے، 8ہزار 500 سعودی شہریوں نے 16 ہزار جائیدادیں خریدرکھی ہیں، برطانوی شہریوں کی جائیدادوں کی مالیت 10ارب ڈالر ہے، 19ہزار 500برطانوی شہری 22 ہزار جائیدادوں کے مالک ہیں، بھارتیوں کی جائیدادوں کی کا اندازہ 17ارب ڈالر ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بیرون ملک جائیدادیں خریدنے والے غیرملکیوں میں پاکستانیوں کا دوسرا نمبر ہے، پاکستانیوں کی مجموعی پراپرٹیز کا 2اعشاریہ 5 فیصد بنتا ہے، 17ہزار پاکستانیوں نے 23 ہزار جائیدادیں خرید رکھی ہیں، پراپرٹی لیکس میں بااثرعالمی شخصیات، سیاستدان، ریٹائرڈ سرکاری افسران اور ان سے وابستہ افراد کی جائیدادیں شامل ہیں، پراپرٹی لیکس میں ایک پولیس چیف، سفارتکار اور سائنسدان بھی شامل ہے، 12 سے زائد ریٹائرڈ جنرلز کے نام بھی پراپرٹی لیکس میں شامل ہیں۔