سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا،کالعدم تنظیموں کے15مبینہ دہشت گردگرفتار،اسلحہ برآمد

ہفتہ 8 جون 2024 15:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2024ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 15مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 180خفیہ آپریشنز کئے گئے جن کے دوران 181مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے15مبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیاگیا۔

گرفتار مبینہ دہشت گردوں میں حافظ عبدالمالک،نور رحیم، نور الامین، منظر عزیز، عبدالصبور ریاض ،نور ولی ،محمد اکرام خان ،محمد اعجاز ،عبدالوہاب حسینی، یار گل،اسرار احمد، علی شاہ، علی زمان اور عمر رحمان شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیموں لشکر جھنگوی ،تحریک طالبان پاکستان ، سپاہ صحابہ پاکستان اور داعش سے ہے-ترجمان کے مطابق ان دہشت گردوں کی گرفتاری لاہور،راولپنڈی ،سرگودھا ،گوجرانوالہ،ملتان ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،مظفرگڑھ ،اٹک ،میانوالی ،فیصل اباد اور چنیوٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی،مبینہ دہشت گرد وں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 5977گرام،ایک خودکش جیکٹ ، آئی ای ڈی بم1، 30بور کا پستول 1بمعہ 18 گولیاں، ڈیٹونیٹرز 18، حفاظتی فیوز وائر 47فٹ، اسٹیکرز 86، پمفلٹس 68، ممنوعہ کتابیں 9، رسید بک 2اور 49550روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں نے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ دہشتگردانہ کارروائی میں اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے،گرفتاردہشتگردوں کے خلاف 14ایف آئی آرز درج کر کے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی مدد سے سی ٹی ڈی پنجاب نے 714 کومبنگ آپریشنز کئے جن کے دوران 19670افراد کو چیک کیا گیا،225مشتبہ افراد کو گرفتار، 226ایف آئی آر درج کی گئیں جبکہ 70بازیابیاں بھی ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں سی ٹی ڈی پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111پر اطلاع کریں۔