حکومت کا عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان

کابینہ ڈویژن نے حتمی منظوری کے بعد عید کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 جون 2024 16:16

حکومت کا عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2024ء ) وفاقی حکومت نے ملک میں 17 سے 19 جون تک عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے حوالے سے سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی، کابینہ ڈویژن نے عید کی چھٹیوں سے متعلق سمری وزیراعظم سیکریٹریٹ کو ارسال کی، جس میں پیر سے بدھ تک تعطیلات کی تجویز دی گئی، جس کی وزیراعظم نے منظوری دے دی، شہباز شریف کی جانب سے تعطیلات کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے عید کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا اور عیدالاضحیٰ کے لیے سرکاری سطح پر 17 سے 19 جون تک چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان میں عید الاضحٰی 17 جون بروز پیر کو ہو گی، ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کراچی دفتر میں ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی، اجلاس میں سپارکو، مذہبی امور، محکمہ موسمیات سمیت دیگر نمائندگان شریک ہوئے جب کہ ملک کے تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے، اجلاس کے اختتام پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے، عید الاضحٰی 17 جون بروز پیر کو ہو گی، پشاور، میانوالی، حویلیاں، گجرات سمیت کئی علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک میں موسم کی کیا صورتحال رہے گی اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتا دیا، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ اس عیدالاضحیٰ کے موقع پر میدانی علاقوں میں بارش کی توقع نہیں ہے، تاہم 19 جون کے بعد ملک میں پری مون سون بارشوں کا امکان ہے، اس سال معمول سے زیادہ بارش ہونے کی توقع ہے۔