بلوچستان کے عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں ، میر حاجی علی مدد جتک

جمعرات 1 اگست 2024 20:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2024ء) صوبائی وزیر زراعت میر حاجی علی مدد جتک نے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کیلئے رابطے جارہی ہیں تاکہ مسئلہ حل ہوجائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

بلوچستان اسمبلی کااجلاس جمعرات کو ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی زیر صدارت شروع ہوا تو رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم بازئی نے توجہ دلائو نوٹس پیش کرتے ہوئے کہاکہ کچلاک میں 12سے14گھنٹے لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔کچلاک میں ولی فیڈر بند ہے ،کیسکو چیف اور ذمہ داران آفیسران کو ایوان میں بلا کر جواب طلبی کی جائے ۔

پوائنٹ آف آرڈر پر اپوزیشن لیڈر میریونس عزیز زہری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاتھاکہ مذاکرات کا راستہ کھلاہے اپوزیشن بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے ۔جس پر جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت میرحاجی مدد جتک نے کہاکہ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے کوشش کررہے ہیں کہ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کم ہوں ،گوادر سے منتخب رکن اسمبلی مولاناہدایت الرحمن سے بھی رابطہ کیاہے۔