Live Updates

راشن بیگز کی تقسیم کا عمل اب 24 گھنٹے شروع کرنے جارہے ہیں، گورنرسندھ

لاکھ سے زائد مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 9ہزار سولر سسٹم کا آرڈر دے دیا۔ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 اگست 2024 18:06

راشن بیگز کی تقسیم کا عمل اب 24 گھنٹے شروع کرنے جارہے ہیں، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنرہائوس سے 24 گھنٹے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا عمل شروع کرنے جارہے ہیں انشاء اللہ 20 لاکھ سے زائد مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے اور یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا ، پہلے مرحلے میں 9ہزار سولر سسٹم کا آڈر دے دیا ہے ، سولر سسٹم 300 یونٹس سے کم استعمال کرنے والوں کو دیئے جائیں گے ، میڈیا ہمارے اس کارخیر میں شامل ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اب تک 6 لاکھ 90 سے زائد مستحق افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے جاچکے ہیں ، عوام کے لئے جب سے گورنرہائوس کے دروازے کھولے گئے ہیں لوگوں کی بڑی تعداد گورنرہائوس آرہی ہے اور آج تک تقریباً 30 لاکھ سے زائد افراد گورنرہائوس آچکے ہیں ، اب تک نوجوانوں کو 8ہزار لیپ ٹاپ دے گئے ہیں ، 50ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کرائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمت نہ ہاریں کام میں لگے رہیں تو اللہ تعالیٰ کی نصرت ضرور آتی ہے ہمارے پاس وسائل نہیں لیکن مخیر دوستوں کے تعاون سے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کے دن عوام بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گورنرہائوس میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کریں۔ ہم اس روز آزادی کا کیک کاٹیں گے ، قومی ترانہ اور فائر ورک بھی ہوگا سب مل کر یوم آزادی کا جشن خوب منائیں گے ، اس رو ز ہم سب مل کر عہد کریں گے کہ پاکستان کی عزت ، وقار اور معیشت بڑھانے میں ہر ایک نے اپنا کردار ادا کرنا ہے ، انشاء اللہ 14اگست تک ہر دوسرے روز گورنراینیشیٹیو کے تحت جاری منصوبوں پر میڈیا سے بات کروں گا ہمارے پاس وسائل نہیں ہم صرف عوام کی مجبوریاں دکھا سکتے ہیں اب یہ میڈیا پر منحصر ہے کہ وہ اس کا ر خیر کو کتنے لوگوں تک پہنچاتے ہیں یہ سب کچھ مخیر حضرات کو دکھانا ضروری ہے تا کہ دیگر لوگ بھی اس کار خیر میں حصہ لے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنرہائوس کو اے پولیٹیکل رکھا ہے اس گورنرہائوس میں آئی ٹی کورسز کو 6ماہ ہو چکے ہیں لیکن آج تک کسی طالب علم کے ہاتھوں میں کوئی سیاسی پرچم نہیں پکڑایا بلکہ ان نوجوانوں کو معاشی سپاہی بنایا تاکہ یہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے لئے کچھ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور بزنس کمیونیٹی کے افراد سے کہا ہے کہ وہ پرائیوٹ سیکٹر کو آگے لائیں اور آگے بڑھ کر درپیش مسائل بالخصوص گیس ،بجلی اور پانی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لئے آفر ہے کہ وہ گورنرہائوس کے اندر آئیں انہیں راشن بیگز ، لیپ ٹاپ اور آئی ٹی کورسز میں ایڈمیشن دیئے جائیں گے ، مہنگائی کے ساتھ ساتھ عوام کو بجلی اور پانی بھی نہیں مل رہا ہے اگر جماعت اسلامی والے ان تینوں ایشوز پر آوا ز بلند کرتے ہیں توان کے دھرنا میں خود بھی شرکت کروں گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات