بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک نے مختلف شخصیات کو نمایاں کارکردگی پر باز محمد کاکڑ گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا

جمعہ 16 اگست 2024 14:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2024ء) بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک نے سابق وزیر اعلی بلوچستان سمیت مختلف شخصیات کو نمایاں کارکردگی پر باز محمد کاکڑ گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا انٹرنیشنل تھنک ٹینک اور فرینڈز آف یونیورس سوسائٹی پاکستان نے یہاں کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں شہید باز محمد کاکڑ گولڈ میڈل کی تقریب کا انعقاد کیا۔

اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، بشمول سیاسی جماعتوں کے رہنما، قبائلی عمائدین، اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔تقریب کے دوران سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو شہید باز محمد کاکڑ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

جنہوں نے ایوارڈز حاصل کیے ان میں علی احمد کرد ایڈووکیٹ (قانون کی بالادستی)، سید نذیر آغا ایڈووکیٹ (سماجی خدمات)، ظفر قادری (تعلیم)، ڈاکٹر مالک بلوچ (سیاست میں خدمات)، ڈاکٹر وحید نور (سائنس و ٹیکنالوجی)، عبدالصبور خان(تعلیم، ماحولیات اور انتظامیہ)، اور ڈاکٹر قر العین(سماجی خدمات اور ترقی)شامل ہیں۔

بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک کے چیئرمین اویس جدون نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے اس خطے کی ایسی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک منفرد کوشش کا آغاز کیا ہے جنہوں نے عوامی حقوق، اظہار رائے کی آزادی، حقیقی جمہوریت کے قیام، سامراجی طاقتوں کے خلاف اصولی جدوجہد، عالمی امن اور اقوام کے مابین بھائی چارہ اور مساوی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں۔

انہوں نے کہا کہ ان شخصیات کے نام سے ایوارڈز منسوب کئے گئے جیسے نیلسن منڈیلہ، قائداعظم محمد علی جناح، جس کا مقصد ان شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنا اور انکی خدمات یاد رکھنے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو انکی جدوجہد سے روشناس کرانا ہے انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ایوارڈز ان افراد کو دیے جاتے ہیں جو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایوارڈ سیریز ایشیا کی سب سے بڑی غیر سرکاری سول ایوارڈ سیریز میں شامل ہے، جن میں قائد اعظم انٹرنیشنل ایوارڈ، قائد اعظم گولڈ میڈل، قائد اعظم لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، علامہ اقبال ایوارڈ، علامہ اقبال گولڈ میڈل، نیلسن منڈیلا ایوارڈ، نیلسن منڈیلا گولڈ میڈل ایوارڈ، امام خمینی ایوارڈ، اور اتاترک،باچا خان ایوارڈ، خان شہید ایوارڈ، سردار عطااللہ مینگل ایوارڈ، میرغوث بخش بزنجو ایوارڈ، بی بی شہید ایوارڈ، مفتی محمود ایوارڈ، بلوچستان بسٹ اچیومنٹ ایوارڈ، بسٹ ٹیچر اینڈ سٹوڈنٹ ایوارڈ، نیشنل یوتھ ایوارڈ، شہید ذوالفقار علی بھٹو ایوارڈ، نثار عثمانی جرنلسٹ آف دی ایئر ایوارڈ، جی ایم سید ایکسیلنس ایوارڈ، ہیروز آف خیبر پختون خواہ ایوارڈ، فاطمہ جناح ایوارڈ اور دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ یہ ایوارڈ تقاریب ملک بھر کے مختلف شہروں میں سالانہ بنیادوں پر منعقد کی جاتی ہیں، اور ایوارڈز کے ساتھ ساتھ قیمتی تحائف اور نقد انعامات بھی پیش کیے جاتے ہیں۔