جماعت اسلامی کا یوم تاسیس تقریبات کا آغاز،صوبائی دفترمیں پرچم کشائی

ْعوام بدی کے خاتمے اورحق کے غلبے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،محمد حسین محنتی کا خطاب

ہفتہ 24 اگست 2024 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2024ء) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی وفکری تحریک ہے جو اس ملک میں جاری ظالمانہ نظام کوتبدیل کرکے اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرنا چاہتی ہے ،مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کے خلاف دھرنا،28اگست کو ھڑتال اوریکم ستمبر سے ملک گیر رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

عوام بدی کے خاتمے اورحق کے غلبے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پرپرچم کشائی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔جماعت اسلامی کے 83یوم تاسیس کی تقریباب کا آغازکردیا گیا ہے جس میں پرچم کشائی سمینار،مذاکرے اورجلسے منعقد کئے جارہے ہیں جن سے مرکزی صوبائی وضلعی رہنما علماء کرام ودانشور جماعت اسلامی کی سیاسی سماجی ودینی جدوجہد پراظہار خیال کریں گے ۔

(جاری ہے)

26اگست 1941ء کو سید ابولاعلیٰ مودودی ؒ کی سربراہی میں 75افراد نے لاہور میں جماعت اسلامی قائم کی ۔جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جوحقیقیٰ معنیٰ میں ایک جمہوری اورموروثیت خاندان سے پاک جماعت ہے جہاں مقام سے لیکر مرکزی امیرتک باقاعدہ انتخابات ہوتے ہیں۔پہلے امیرخود سید مودودی منتخب کئے گئے جبکہ دوسرے میاں طفیل محمد،تیسرے قاضی حسین احمد،چوتھے سیدمنورحسن،پانچویں سراج الحق اورچھٹے حافظ نعیم الرحمان امیر منتخب کئے گئے ہیں۔