پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان

بدھ 28 اگست 2024 11:52

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2024ء) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے،بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شہری جاں بحق ،5 زخمی جبکہ 45 جانور ہلاک ہوگئے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران خانیوال میں 48 ملی میٹر ،چکوال میں 45 ،بہاولپور میں 30، کوٹ ادو میں 42، ساہیوال میں 33 اور بہاولنگر میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور ،ملتان، جہلم ، قصور، بھکر، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی موسلا دھار بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے اور مون سون بارشوں کا یہ سپیل 31 اگست تک جاری رہنے کی پیشنگوئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،موسلا دھار بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن و فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام دریاں اور ندی نالوں میں پانی کا بہا ئو معمول کی سطح پر ہے،دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ 31 اگست تک ڈیرہ غازی خان و راجن پور رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے ۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے۔ڈی جی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شہری جاں بحق اور5 زخمی جبکہ 45 جانور ہلاک ہوئے۔

ڈی جی نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں،نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ممکن بنائیں، شہری احتیاط کریں ، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ عوام کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں ، انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر یں ۔