Live Updates

عمران خان کو 6 اور بشریٰ بی بی کو ایک مقدمے میں ضمانت میں توسیع مل گئی

بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پیشی نہ کرانے پر جیل حکام نے جواب جمع نہیں کرایا، عدالت نے دوبارہ رپورٹ طلب کرلی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 ستمبر 2024 10:06

عمران خان کو 6 اور بشریٰ بی بی کو ایک مقدمے میں ضمانت میں توسیع مل گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر 2024ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے درخواستوں پر سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پیشی نہ کرانے پر جیل حکام نے کوئی جواب جمع نہیں کرایا جس پر عدالت نے جیل حکام سے ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگوانے پر دوبارہ رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ ’آج انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 4 درخواست ضمانتوں پر سماعت ہے، اس لیے عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے، ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آئندہ کی کسی تاریخ کے لیے رکھ لی جائے‘، بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ ترنول میں 2 ، تھانہ رمنا میں ایک ایک، سیکریٹریٹ، کوہسار، اور تھانہ کراچی کمپنی میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک مقدمہ جعلی رسیدوں کا اور 5 مقدمات نو مئی کے واقعات کو جواز بناکر درج کیے گئے ہیں جب کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف اسلام آباد پولیس نے تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج کیا ہوا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات