مخلص کارکنان پارٹی کا قیمتی سرمایہ اور اصل طاقت ہیں، میر علی حسن زہری

ہفتہ 7 ستمبر 2024 23:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2024ء) ترجمان صدر پاکستان آصف علی زرداری و مشیر برائے صنعت و حرفت بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ جیالوں کی لازوال قربانیوں اور شب وروز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ آج بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور انشاء اللہ بہت جلد پاکستان پیپلز پارٹی کے روح رواں صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

دریں اثناء صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمائوں ،بلوچستان کے تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز ، صوبائی ، ڈویڑنل اور ضلعی و زیلی ونگز کے عہدیداروں کے اعزاز میں ایک پر تکلف عشائیہ دیا ۔

(جاری ہے)

عشائیہ میں پی پی پی پارلیمنٹرینز کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نئیر حسین بخاری، مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی اعجاز حسین جکھرانی ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن سابق جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سینیٹر شیخ بلال احمد مندوخیل ،وزیراعلی کے مشیر سردار بابا غلام رسول عمرانی کے علاوہ صوبہ بھر کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی ۔

عشائیے میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک ذیشان حسین، رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی سمیت دیگر صوبائی ،ڈویڑنل ضلعی اور زیلی ونگز کے عہدیداروں و رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔اس موقع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے اور پارٹی اپنے جیالوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

آج پارٹی جس مقام پر ہے اس میں پارٹی کے ورکروں کا اہم کردار ہے ۔ آپ تمام جیالوں کے اتفاق و اتحاد کا نتیجہ کہ آج بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور پورے ملک سمیت بلوچستان کے کونے کونے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے کارکنوں کی تعداد میں جوق در جوق اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی عوامی جماعت بن چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیرمین بلاول بھٹوزرداری کی خصوصی ہدایات کے مطابق صوبے کی تمام کارکنوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں اور باہمی اتفاق سے ان تمام مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔ پارٹی کے لئے تمام کارکنان اہم ہیں اور ان میں پارٹی کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ۔ میر علی حسن زہری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان منشور کے مطابق ملک کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اور عوام کے مسائل کے حل اور وسائل کی فراہمی کے لئے عمل پیرا ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخلص کارکنان پارٹی کا قیمتی سرمایہ اور اصل طاقت ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے کارکنوں کو کسی محاذ پر اکیلا نہیں چھوڑا۔ہماری جماعت نے ہمیشہ خواتین کو عزت دیتے ہوئے برابر کے حقوق دئیے ہیں اور یہی بات ہمیں دوسری سیاسی جماعتوں سے منفرد کرتی ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد برقرار رکھیں اور کسی بھی قسم کی منفی سیاست یا پروپیگنڈہ پر دھیان مت دیں تاکہ عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کی جاسکے اور صدر آصف علی زرداری اور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہ سکے۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی بلوچستان کے تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے مضبوط چٹان کی طرح اپنے لیڈر میر علی حسن زہری کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔