Live Updates

صرف عمران خان کی کال پر واپس ہوں گے اور کوئی آپشن نہیں؛ بیرسٹرسیف

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے درخواست ہے عوام سے نہ ٹکرائیں، مزید رکاوٹیں نہ ہوں تو وزیرِاعلیٰ علی امین ایک گھنٹے میں ڈی چوک پہنچ جائیں گے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 5 اکتوبر 2024 11:15

صرف عمران خان کی کال پر واپس ہوں گے اور کوئی آپشن نہیں؛ بیرسٹرسیف
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے امن مارچ کو روکنے کے لیے سیکڑوں کنٹینرز رکھے ہیں، علی امین گنڈاپور کا قافلہ اپنی منزل کی طرف دوبارہ روانہ ہوگیا، صرف عمران خان کی کال پر واپس ہوں گے، اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا احترام کرتے ہیں، ہم محب وطن پاکستانی ہیں، اسلام آباد پر یلغار کرنے نہیں جا رہے، ہم اپنے آئینی اور قانونی حق کے لیے نکلے ہیں اس لیے پولیس راستوں میں ہمارے لیے رکاوٹیں کھڑی نہ کرے، مزید رکاوٹیں نہ ہوں تو وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک گھنٹے میں ڈی چوک پہنچ جائیں گے۔

بیرسٹر سیف کہتے ہیں کہ علی امین گنڈاپور اور کارکنوں نے رات برہان انٹر چینج قریب کھلے آسمان تلے گزاری، رات بھر علی امین اور قافلے کے شرکاء کنٹینرز ہٹانے میں مصروف رہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے درخواست ہے عوام سے نہ ٹکرائیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر واپس ہوں گے اور کوئی آپشن نہیں ہے، انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کی معطلی کے باعث رابطوں میں مشکلات ہیں لیکن ہم رابطوں کے لیے متبادل ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر پاک فوج نے اسلام آباد میں سیکورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لیں، وفاقی حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی وفاقی دارالحکومت میں تعیناتی کی منظوری دی، وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے بعد پاک فوج کی اسلام آباد اور گرد و نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو گیا، فوج نے علاقے بھر میں گشت شروع کر دیا، ایس سی او کانفرنس کے دوران سکیورٹی کے سلسلے میں اسلام آباد میں فوج کو تعینات کیا گیا ، اسلام آباد میں 5 سے 17 اکتوبر تک فوج تعینات رہے گی، اسلام آباد کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے حوالے ہوگی اور پولیس سمیت دیگر ادارے فوج کی معاونت کریں گے، شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں بھارت سمیت کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات