Live Updates

افسوس کی بات ہے کہ یہ اب ہم سے لاشوں کا پوچھ رہے ہیں، یاسمین راشد

حکومت نے پاکستان کے بچے مار ڈالے، میرے پاس مذمت کیلئے الفاظ نہیں ہیں، پاکستان کی تاریخ میں آج تک ایسا ظلم نہیں دیکھا، رہنماء پی ٹی آئی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 30 نومبر 2024 12:40

افسوس کی بات ہے کہ یہ اب ہم سے لاشوں کا پوچھ رہے ہیں، یاسمین راشد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30نومبر 2024) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ یہ اب ہم سے لاشوں کا پوچھ رہے ہیں،پاکستان کی تاریخ میں آج تک ایسا ظلم نہیں دیکھا، تحریک انصاف اپنے ایک ایک کارکنوں پر ظلم کا حساب لے گی،انسداد دہشتگردی عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کے بچے مار ڈالے، میرے پاس مذمت کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔

چیف جسٹس کو خط لکھوں گی کہ اس پر جوڈیشل کمیشن بنائیں۔ حکومت کو انسانیت پر ظلم کرتے شرم آنی چاہیے، ان جانوں کا حساب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں مولانا، بلاول بھٹو اور مریم نواز نے لانگ مارچ کئے ہم نے تو انہیں نہیں روکا۔ تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز کو شرم آنی چاہیے وہ کہہ رہی ہیں کہ شاباش پنجاب آپ نہیں نکلے۔

دریں اثناءانسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مختلف مقدمات میں پولیس کو ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر ملزمان کو چالان فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کے 5 مقدمات کی سماعت کی، مقدمات میں نامزد ملزمان ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو جیل سے عدالت پیش کیا گیا۔

عدالت پیشی پر ملزمان کی حاضری مکمل کرائی گئی، ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ برہان معظم عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو چالان کی کاپیاں فراہم کی جائیں، بعدازاں عدالت نے ملزمان کو چالان فراہم کرنے کا حکم دے کر سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف گلبرگ اور ماڈل ٹاون سمیت دیگر تھانوں میں 9 مئی واقعات کے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی کے 8مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتیں مسترد کرنے کا تحریر ی فیصلہ جاری کر دیاتھا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو قصور وار قرار دیا تھا۔عدالت کے جج نے 6صفحات پر مشتمل تحریر ی فیصلہ جاری کیا تھا۔فیصلے میں کہا گیا تھا کہ 9مئی سازش کے گواہان کے بیانات ریکارڈ پر موجود تھے جبکہ پراسکیوشن کے پاس اشتعال انگیزی کے ہدایات کے بھی ثبوت موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ پراسیکیوشن کاکیس ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری سے قبل سازش تیارکی تھی۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تمام واقعات میں ملٹری تنصیبات، سرکاری اداروں اور پولیس اہلکاروں پر حملے کئے گئے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی جاتیں ہیں۔پراسیکیوشن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اپنی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے ایک سازش تیار کی، گرفتاری کی صورت میں دیگر قیادت ریاستی مشینری کو جام کردے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا تھاکہ وکیل نے دلائل دئیے کہ وقوع کے وقت بانی پی ٹی آئی گرفتار تھے جبکہ وکیل بانی پی ٹی آئی کی دلیل میں وزن نہیںتھا۔ انسداد دہشتگری عدالت لاہور بانی پی ٹی آئی کو قصور وار قرار دیا تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات