اوپن یونیورسٹی میں غیرملکی طلبہ کیلئے آن لائن اورینٹیشن سیشن کا انعقاد

منگل 17 دسمبر 2024 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں غیرملکی طلبہ کی تعداد ہر سمسٹر میں گزشتہ سمسٹرز کی نسبت بڑھ رہی ہے، سمسٹر خزاں 2024ء کے داخلوں میں بین الاقوامی طلبہ کی تعداد 740 سے بڑھ کر 1007 ہوگئی ہے جس میں 474 طلباء 533 طالبات شامل ہیں۔اس سمسٹر میں 267 نئے انٹرنیشنل طلبہ نے داخلہ لیا ہے۔جن ممالک سے انٹرنیشنل طلبہ نے داخلہ لیا ہے ان میں برطانیہ، جاپان، چین، امریکہ، آسٹریلیا، روس، جنوبی کوریا، آئرلینڈ، کینیڈا، فرانس، سپین، سویڈن، یونان، بیلجیم،ایسٹونیا،جرمنی،ہنگری،اٹلی،ناروے،پرتگال،ترکیہ،تائیوان،بوٹسوانا،جنوبی افریقہ، ایران، بحرین، سعودی عرب، ابوظہبی، شارجہ،قطر،عراق، کردستان، اردن، عمان اور کویت شامل ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل کولبریشن اینڈ ایکسچینج نے نئے داخل ہونے والے انٹرنیشنل طلبہ کے لئے گزشتہ روز آن لائن اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا جس میں شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے انہیں یونیورسٹی کے داخلہ اور امتحانی طریقہ کار، درسی کتب سے راہنمائی، اسائمنٹس لکھنے اورجمع کروانے،بی ایس کے سٹوڈنٹس کوآن لائن مڈ ٹرم اور فائنل امتحان میں شامل ہونے کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل طلبہ نے یونیورسٹی کے نظام تعلیم اور سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایک بڑی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے پر ہم فخر محسوس کررہے ہیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ یونیورسٹی اپنی گولڈن جوبلی منارہی ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ 50سال کے اس عرصے میں ہم نے ملک کو 50لاکھ گریجویٹ دئیے ہیں۔ ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ 36ممالک سے انٹرنیشنل طلبہ کو داخل کرناہمارے لئے ایک بڑا اعزازہے اور ہماری کوشش ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں یونیورسٹی کی علمی شمع روشن کریں۔