سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت 18ویں سپیکرز کانفرنس کا انعقاد،چاروں صوبوں اور آزادوجموں کشمیر اور گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلیوں کے سپیکرز نے بھرپور شرکت کی

جمعرات 19 دسمبر 2024 11:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت 18ویں سپیکرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں چاروں صوبوں اور آزادوجموں کشمیر و گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلیوں کے سپیکرز نے بھرپور انداز میں شرکت کی، 10سال بعد کانفرنس کا انعقاد کو یقینی بنانے پر صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بنائی گئی دستاویزی فلم کے مطابق سپیکرز کانفرنس کی ابتدا 1921 میں ہوئی جب برصغیر پاک و ہند کو برطانوی راج کے تحت مغربی جمہوریت بلخصوص ویسٹ منسٹر طرز حکومت سے روشناس کروایا گیا، اس اہم فورم کو برصغیر پاک و ہند کی پارلیمانی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں آئین سازی میں تاخیر، ون یونٹ کے قیام اور جمہوریت کی بساط لپیٹے جانے کے باعث یہ اہم پارلیمانی فورم سرد خانے میں چلا گیا۔

1973 میں متفقہ آئین کی منظوری نے وفاقی پارلیمانی جمہوریت کی راہ ہموار کی تو سپیکرز کانفرنس کو ارسرنو فعال کیا گیا۔ پاکستان میں پہلی سپیکرز کانفرنس 1972 میں کراچی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت تیسری آئینی اسمبلی کے سپیکر فضل الٰہی چوہدری نے کی، 1973، 1975، 1976 میں بالترتیب کراچی، کوئٹہ اور سوات میں سپیکرز کانفرنسز اس وقت کے سپیکر قومی اسمبلی صاحبزادہ فاروق علی کی سربراہی میں منعقد ہوئیں، 7 ویں اور 8 ویں سپیکرز کانفرنسز 1985 و 1986 میں اسلام آباد میں اس وقت کے سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام کی سربراہی میں منعقد ہوئیں، 9 ویں سپیکرز کانفرنس 1987 میں سپیکر قومی اسمبلی حامد ناصر چٹھہ کی سربراہی میں کوئٹہ میں منعقد ہوئی، مزید برآں سابق سپیکر قومی اسمبلی ملک معراج خالد کو 10 ویں اور 11 ویں سپیکرز کانفرنس جو کہ 1989 اور 1990 میں کراچی اور لاہور میں ہوئیں ،کی سربراہی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، پھر تین سال بعد سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان کی سربراہی میں 1993 میں 12ویں سپیکرز کانفرنس پشاور میں منعقد ہوئی جبکہ سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو نے 1998میں مظفرآباد میں 13ویں سپیکرز کانفرنس کی سربراہی کی۔

پانچ سال کے وقفے بعد سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین کی سربراہی میں 2004 میں 14 ویں اور 2006 میں 15 ویں سپیکرز کانفرنس منعقد ہوئی اور 16 ویں سپیکرز کانفرنس 2010 میں سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں لاہور میں منعقد ہوئی، 17ویں سپیکرز کانفرنس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں 2014 میں اسلام آباد میں منعقد ہوئی، اب دس سال بعد انہی کی زیر صدارت 18ویں سپیکرز کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ \932