صوبائی صدر اے این پی میاں افتخار حسین کا عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزير شہید بشیر احمد بلور کی 12ویں برسی پر پیغام

اتوار 22 دسمبر 2024 15:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ قیام امن کیلئے بشیر احمد بلور کی شہادت، قربانی اور جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزير شہید بشیر احمد بلور کی 12ویں برسی پر اپنے پیغام میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ بشیر بلور شہید نہ صرف اے این پی بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے ایک ناقابلِ فراموش اثاثہ تھے، بشیر بلور نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر دہشت گردی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے اصولی مؤقف کو ثابت کیا. انہوں نے کہا کہ شہید بشیر بلور کے ساتھ میری 35 سال کی رفاقت رہی، عہدے، عمر اور تجربے کے لحاظ سے وہ میرے بڑے اور ایک شفیق انسان تھے،وہ ایک دلیر، بے لوث اور مخلص رہنما تھے جو ہر مشکل دور میں قوم کے ساتھ کھڑے رہے۔

(جاری ہے)

ان کی شجاعت اور قربانی دہشتگردی کے خلاف جنگ اور قیام امن کی جدوجہد میں ایک سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا اور پاکستان کے عوام بشیر بلور جیسے شہداء کے خون اور قربانیوں کے قرضدار ہیں، ہمیں فخر ہے کہ قومی تحریک کی تاریخ ایسے بہادر رہنماؤں اور اکابرین سے بھری پڑی ہے۔ باچا خان کے پیروکاروں نے ہر دور اپنی جانوں کے نذرانے دے کر جمہوریت، امن اور ترقی کے سفر کو جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف پر ایک مضبوط اور متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا. 12ویں برسی کے موقع پر بشیر بلور اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے تمام ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، قومی تحریک کے تمام شہدا ہمارا فخر ہے اور ان کی قربانیوں کو ہم کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے، شہید بشیر بلور کی برسی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، ہمیں اس راہ پر مزید ثابت قدم رہنا ہوگا تاکہ شہداء کی قربانیوں کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔