جے یو آئی( س) کی مرکزی قیادت کی لاہور وفدسے ملاقات

پارا چنار اورکرم کے حالات پر شدید تشویش ہے‘مولانا سید یوسف شاہ کی لاہور کے وفد سے گفتگو

بدھ 8 جنوری 2025 04:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)جمعیت علما ئے اسلام( س) پاکستان کے امیر مرکزیہ چیئرمین دفاع پاکستان کونسل ونائب مہتمم دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک اور ناظم اعلی شاہین جمعیت مولانا سید یوسف شاہ نے جمعیت لاہور کے امیر مولانا قاری اعظم حسین ناظم اعلی لاہور مولانا طیب عثمانی قاری رحمت اللہ لاشاری قاری محمد رفیق سے جوہر ٹائون میں خصوصی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مرکزی وضلعی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں جتنی زیادہ افکار مولانا سمیع الحق شہید کی ضرورت ہے اس پہلے شاید اتنی ضرورت محسوس نہ ہوئی ہو ،منتشر عوام کو منفی جذبات سے بچا کر مثبت سوچ کا حامل بنا کر پاکستان کی ترقی فلاح وبہبودکیلئے کمربستہ کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پارا چنار اورکرم کے حالات پر شدید تشویش ہے فریقین پر صوبائی ومرکزی حکومت اپنا اثر رسوخ استعمال کرکے کسی لائحہ عمل پر متفق کرکے بلا امتیاز قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے پاکستان وافغانستان کے حالیہ نشیب وفراز پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم دونوں ہمسایہ برادر اسلامی ملک ہیں اور ایک دوسرے کے کیلئے لازوال قربانیوں کا تسلسل ہے لہٰذا دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے جذبات وخود مختاری کا احترام کرتے ہوئے امن وامان کامسئلہ کو اہمیت دینی چاہیے ۔اس موقع پر حافظ غازی الدین بابر اور دیگر جماعتوں کے نمائندہ گان بھی موجود تھے۔