Live Updates

عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے صاحبزادے شیرشاہ کی ضمانت منظور‘ رہا کرنے کا حکم

لاہور کی عدالت نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کے دوسرے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کی تھی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 12:20

عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے صاحبزادے شیرشاہ کی ضمانت منظور‘ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیترن انچیف عمران خان کے بھانجے شیرشاہ کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے صاحبزادے شیرشاہ کی ضمانت منظور کی گئی ہے، اس حوالے سے جناح ہاؤس حملہ کیس میں لاہور کی عدالت نے محفوظ فیصلہ سنایا، اپنے فیصلے میں عدالت نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم شیر شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ ہمارے بچوں کی ضمانت ہو گئی ہے، ان کو ہمارے بچوں کو اس طرح اٹھانا ہی نہیں چاہیے تھا لیکن یہ کچھ بھی کرلیں عمران خان نے کہا ہے کہ یہ چاہے میری ساری فیملی کو اغواء کرلیں میں جھکوں گا نہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ لاہور کی عدالت نے گزشتہ روز علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کی تھی، جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست ضمانت پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا گیا جو بعد فیصلہ سنایا گیا تھا، جس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سناتے ہوئے شاہ ریز خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

قبل ازیں سماعت کے دوران شاہ ریز کے وکیل رانا مدثر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ’ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں، مقدمے کی تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور ہر شخص کی جیو فینسنگ بھی کرلی گئی ہے مگر شاہ ریز کا کہیں ذکر نہیں، چالان میں بھی ملزم کا نام شامل نہیں، کسی تفتیشی افسر نے بھی ان کے خلاف بیان نہیں دیا، واقعے کے وقت شاہ ریز چترال میں موجود تھے اور اس حوالے سے تمام افراد کے بیانِ حلفی بھی موجود ہیں، 28 ماہ بعد شاہ ریز کو اس مقدمے میں شامل کیا گیا مگر آج تک کسی تفتیشی افسر نے انہیں طلب نہیں کیا‘۔

ملزم کے وکیل کے دلائل کے بعد سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ’شاہ ریز کے دوستوں کی فیس بک سے تصاویر حاصل کی گئی ہیں، تاہم ان کی اپنی فیس بک پر کوئی تصویر موجود نہیں، اس لیے ملزم کی درخواستِ ضمانت مسترد کی جائے‘، فریقین کے دلائل سن کر جج نے پہلے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عدالت نے ملزم کی درخواست منظور کرتے ہوئے ضمانت منظور کر لی اور ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات