کون سی شوگر مل کس کی ملکیت اور کس نے کتنی چینی ایکسپورٹ کی؟

قومی اسمبلی میں فہرست پیش کردی گئی، بڑے سیاسی خاندان شامل، چینی ایکسپورٹ ہونے کے باعث بڑھنے والی قیمتوں سے شوگر ملز کو 300 ارب روپے تک کا فائدہ پہنچنے کا انکشاف ہوا؛ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 13:20

کون سی شوگر مل کس کی ملکیت اور کس نے کتنی چینی ایکسپورٹ کی؟
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) ملک میں کون سی شوگر مل کس کی ملکیت ہے اور کس نے کتنی چینی ایکسپورٹ کی؟ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں فہرست پیش کردی گئی جس میں بڑے سیاسی بھی خاندان شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے ملزم کو چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی تو اس کے بعد مالی سال 2024/25ء کے دوران چینی ایکسپورٹ کرنے والی 67 شوگر ملز نے مجموعی طور پر 40 کروڑ ڈالر یعنی 11 ہزار 280 ارب روپے کی 7 لاکھ 49 ہزار ٹن چینی ایکسپورٹ کی، تاہم اس سے ملک میں چینی کا بحران شدت اختیار کرگیا اور 140 روپے فی کلو والی چینی کی قیمت 190 سے 200 روپے تک پہنچ گئی، چینی ایکسپورٹ ہونے کے باعث بڑھنے والی قیمتوں سے شوگر ملز کو 300 ارب روپے تک کا فائدہ پہنچنے کا انکشاف ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں چینی ایکسپورٹ کرنے والی شوگر ملز کی فہرست پہلے ہی سامنے آچکی ہے اور اب سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی ) نے شوگر ملز مالکان کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرائی ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ کون سی شوگر مل کس کی ملکیت ہے اور کس نے کتنی چینی ایکسپورٹ کی؟۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کی دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ حمزہ شہباز، نصرت شہباز اور سلمان شریف رمضان شوگر ملز کے شیئر ہولڈرز ہیں، مالی سال 2024/25ء کے دوران رمضان شوگر ملز نے 2 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 16 ہزار 116 میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کی، اس کے علاوہ حمزہ شہباز اور نصرت شہباز العربیہ شوگر ملز کے بھی شیئر ہولڈرز ہیں، اس مل کی جانب سے ایک ارب 20 کروڑ روپے مالیت کی چینی ایکسپورٹ کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے مرحوم بھائی عباس شریف کے دو بیٹے عبد العزیز عباس اور عبداللہ یوسف جو چوہدری شوگر ملز کے مالک ہیں اس مل نے 1 ارب 49 کروڑ روپے کی چینی ایکسپورٹ کی۔

دستاویز سے پتا چلا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے قریبی دوست اور اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ عبد الغنی مجید کی ملکیت ٹنڈوالہ یار شوگر ملز کی جانب سے 91 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی 6 ہزار 518 ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی، اسی طرح صدر آصف علی زرداری کے ایک اور قریبی دوست ذکاء اشرف جو کہ اشرف شوگر ملز کے شیئرز ہولڈرز ہیں، ان کی مل نے 1 ارب 67 کروڑ روپے مالیت کی 11 ہزار 317میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کی۔

بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین پنجاب شوگر ملز کے شیئر ہولڈرز ہیں تاہم ان کی مل کی طرف سے اس عرصہ میں چینی ایکسپورٹ نہیں کی گئی، تاہم سابق وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین جے ڈی ڈبلیو اور جے کے شوگر ملز کے مالک ہیں، ان کی مل نے مجموعی طور پر 15 ارب روپے مالیت کی 99 ہزار ٹن چینی ایکسپورٹ کی۔