Live Updates

عمران خان کے کیس میں بھونڈے طریقے سے فیصلہ سنانے کی تاریخ بدلی جارہی ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر

کوئی عقل سے عاری شخص ہی ہوگا جو اب اس فیصلے کو ایک غیر جانبدار عدالتی فیصلہ مانے گا؛ سابق سینیٹر کا 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر ہونے پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 جنوری 2025 16:42

عمران خان کے کیس میں بھونڈے طریقے سے فیصلہ سنانے کی تاریخ بدلی جارہی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری 2025ء ) سابق سینیٹر اور سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کیس میں بھونڈے طریقے سے فیصلہ سنانے کی تاریخ بدلی جارہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کا عدالتی نظام فراٹے بھرتا ہوا انصاف اور غیر جانبداری میں اپنا مقام بنائے جا رہا ہے، جِس بھونڈے طریقے سے عمران خان کے کیس میں فیصلہ سنانے کی تاریخ بدلی جا رہی ہے، کوئی عقل سے عاری شخص ہی ہوگا جو اب اس فیصلے کو ایک غیر جانبدار عدالتی فیصلہ مانے گا۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان اس وقت ایک قیدی ہے، اور قیدی کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ عدالت میں پیش نہیں ہوا اس لیے عدالت کا فیصلہ تیسری دفعہ مؤخر کرنے کی ذمہ داری قیدی پر ڈالنا ایک کمزور تاویل ہے۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر صحافی مطیع اللہ جان کہتے ہیں کہ تیسری بار اپنے فیصلے کے اعلان کو مؤخر کرنے والے بیچارے اِس جج کو بھی کچھ حوصلہ چاہئیے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو گوادر اور سکھر کے ججوں کو حوصلہ دینے سے فرصت ملے تو ذرا اڈیالہ جیل جا کر ناصر جاوید رانا کو بھی حوصلہ دیں، ایک تصویر بنائیں پھر پریس ریلیز جاری کی جائے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے آج سماعت کے دوران کہا کہ آج دستخط شدہ فیصلہ بالکل تیار اور میرے پاس ہے، میں صبح 9 بجے سے کمرہ عدالت میں موجود تھا اور ملزمان کا انتظار کررہا تھا کہ وہ عدالت میں پیش ہوں تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا کمرہ عدالت میں نہیں پہنچے، بشریٰ بی بی کو آج فیصلہ سنائے جانے کاعلم تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں، عمران خان کو بھی 2 مرتبہ پیغام بھجوایا مگر وہ بھی پیش نہیں ہوئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات