Live Updates

8فروری کو عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ، عمران خان ہرگز ڈیل نہیں چاہتے ‘مسرت جمشید چیمہ

جب عمران خان سے مرضی کی ڈیل ،ڈھیل نہیں ملی تو ان کی بے قصور بیگم کو جیل میں ڈالا گیا ‘اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 29 جنوری 2025 23:26

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2025ء)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے 8فروری کو احتجاج کی کال اس لئے دی ہے کیونکہ اس روز عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا ، عمران خان ہرگز ڈیل نہیں چاہتے ، جب عمران خان سے مرضی کی ڈیل اور ڈھیل نہیں ملی تو ان کی بے قصور بیگم کو جیل میں ڈالا گیا ، بشری بی بی عمران خان کی کمزوری نہیں بلکہ ان کی طاقت ہیں ،دونوں جس طرح ظلم برداشت کر رہے ہیں پوری قوم انہیں سلیوٹ کرتی ہے ۔

اڈیالہ جیل کے باہر وکلا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہماری آنے والی نسلوں کے لئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت رہے ہیں ، عمران خان اور ان کی اہلیہ پر تمام مقدمات بے بنیاد جھوٹ کی بنیاد پر اور سیاسی انتقام کے تحت قائم کئے گئے ہیں ، عمران خان نے آٹھ فروری کواحتجاج کی کال اس لئے دی ہے کیونکہ اس روز عوام کا مینڈیٹ چوری ہوا تھا،لوگوں نے 8فروری کو پی ٹی آئی کی کسی انتخابی مہم کے بغیر ایک نظریے کو ووٹ دیاتھا، یہ جمہوری انقلاب سے کم نہیں تھا۔

(جاری ہے)

قوم کی بیٹیاں ، مائیں اور بہنیں اس با پردہ عورت کو دیکھیں جو ہمارے بچوںکے بہتر مستقبل کے لئے اپنے خاوند کے ساتھ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہی ہے۔ القادریونیورسٹی کے ذریعے اپنی نئی نسل کو سنت رسول کی تعلیم دینا عمران خان کا جرم بنا دیا گیا ۔خاور مانیکا جس نے اپنی آنے والی نسلوں کو اپنا تعارف کرانے کے قابل نہیں چھوڑا ،اس نے ایک پٹیشن دائر کی جسے ایک طرف رکھ دیا گیا ،اس کے لئے من پسند ججز کی بھرتیاں کی گئیں ،پھر مذاکرات مذاکرات کا کھیل کھیلا گیا لیکن جب انہیں عمران خان سے مرضی کی ڈیل نہیں ملی ، عمران خان نے جب ان کی شرائط پر مبنی ڈیل اور ڈھیل نہیں دی تو ان کی بے قصور بیگم کو جیل میں ڈالا گیا ، عمران ہرگز ڈیل نہیں چاہتے ۔

بشری بیگم ملک کے سابق وزیر اعظم ، ایک سٹار کی اہلیہ ہیں ، وہ سابقہ خاتون اول ہیں لیکن یہ ان کی کردار کشی سے باز نہیں آرہے ،آج سارے ملک کی مائیں، بہنیںاور بیٹیاں جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سروے آ یا ہے جس میں واضح بتایا گیا ہے کہ عام انتخابات میں سب سے زیادہ خواتین نے پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالا کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ عمران خان اپنی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہے ۔

ہم نے ہر صورت اپنے لیڈر کو آزادی دلانی ہے اور اپنے حقوق کی بھی حفاظت کرنی ہے ۔جب بشری بیگم کی کردار کشی کی جاتی ہے تو مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں دکھی ہوتی ہیں، میں یہ کہوں گی جب جب ایسا کیا جائے ،جب بھی بشری بی بی کا کیس لگے تو آپ ویڈیوبنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر لگا کر ان سے یکجہتی کا اظہار کریں،ہم کال دیں گے تو میں خود لیڈ کروں گی ۔

ہر خاتون یہ پیغام دے کہ میں بھی بشری ہوں ،مجھ سے بھی انتقام لوں ۔انہوں نے کہا کہ نااہل اور غفلت میں ڈوبا ہوا ٹولہ یہ سمجھتا ہے کہ بشر بی بی عمران خان کی کمزوری ہیں ، وہ انہیں تنگ کر کے عمران خان کو تنگ کریں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے ، بشری بی بی عمران خان کی کمزوری نہیں بلکہ ان کی طاقت ہیں ،دونوں جس طرح ظلم برداشت کر رہے ہیں پوری قوم انہیں سلیوٹ کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک اور دیرینہ کارکن ندیم جیل سے سزا کاٹنے کے بعد واپس آ کر موت کے منہ میں چلا گیا ہے ، ہمارے کارکنوں کو ذہنی دبائو کا سامنا کرنا پڑا ،یہ ہمارے تیسرے یا چوتھے کارکن کی موت ہے ،ہم مطالبہ کرتے ہیں اس پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کا کیا قصور ہے ،شاہ محمود قریشی ،یاسمین راشد ،اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید سب کو لازوال قربانی اور جدوجہد کرنے پر عمران خان نے خرا ج تحسین پیش کیا ہے ۔ عمران خان اپنے گرفتار رہنمائوں اور کارکنوں کی صحت کے حوالے سے بھی فکر مند ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات