(آج) یوم یکجہتی کشمیر پر اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں ، بیرسٹر سلطان

مکروہ بھارتی چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا، بھارتی حکومت کی ہندوتوا پالیسیوں سے ظاہر ہو رہا ہے بھارت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو کر بکھر جائیگا،مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا، صدر آزاد کشمیر

منگل 4 فروری 2025 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2025ء)صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 05فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیں۔بھارت جس طرح مودی کی ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہے اُس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ بھارت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو کر اُس کا شیرازہ بکھر جائے گا اور مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا۔

اسی طرح بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا اور اس کا اظہار کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں واضح ثبوت کے ساتھ کیا جب بھارت نے کینیڈا میں بھارتی کینیڈین سکھ شہری ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ذریعے قتل کرایا تھا اسی طرح بھارت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور کینیڈا ، امریکہ سمیت دیگر ممالک نے بھی اس کی مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارصدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آج کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی پہچان ہے جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پرہندوستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پر آزمایا نہ گیا ہو۔ لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں اور کشمیریوں نے اپنے نصب العین کونہیں چھوڑااور نہ ہی وہ کسی بھی صورت اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم عالمی برادری کو یاد دلاتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا نہیں، بلکہ عالمی ضمیر کا امتحان بھی ہے۔

بھارت نے 5اگست 2019کو غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو بدلنے کی جو مذموم کوشش کی، وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری اس غیر قانونی اقدام کو مسترد کرے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دلوائے۔لہذا آج اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری مقبوضہ کشمیر کی عوام سے بھرپور انداز میںیکجہتی کا اظہار کریں اور انہیں یہ یقین دلا دیں کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو اپنے توپ و تفنگ سے زیر نہیں کر سکتا اور ہم اُن کی آزادی کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ہیں۔