پنجاب یونیورسٹی ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

جمعرات 6 فروری 2025 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) پنجاب یونیورسٹی ہیومن رائٹس چیئرکے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیزسے انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تک ریلی نکالی گئی۔ہیومین رائٹس چیئر کی سربراہ اور ہیڈ آف سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف کی قیادت میں نکالی گئی جس میں سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے تمام شعبہ جات نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرپرسن شعبہ پبلک ریلیشنز اینڈ ایڈورٹائزنگ ڈاکٹر فائزہ لطیف،ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر سرور،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اکرم سومرو،فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف نے کہا کہ بھارتی تسلط میں کشمیر کی حیثیت ایک جیل کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے انسانی حقوق کے ساتھ آئینی حقوق بھی سلب کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اندرونی نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا وہ خطہ ہے جس میں سب سے ذیادہ فوجی تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہونا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اقلیتی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ خاموش نظر آتی ہے۔

ڈاکٹر شبیر سرور نے کہا کہ دنیا نے مقبوضہ کشمیر کا ایشو بری طرح نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرکے ڈیموگرافکس میں تبدیلی لا رہا ہے۔ڈاکٹر فائزہ لطیف نے کہا کہ کشمیر میں امن قائم کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بعد ازاں فیض احمد فیض سیمینار روم میں سیشن کا انعقاد کیا گیا ،جس میں مقررین نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔