لوگوں کو بلاوجہ ٹرمپ سے توقعات نہیں باندھنی چاہئیں، شاہ محمود قریشی

ہمیں رہائی اپنے موقف اور مقدمات کی پیروی سے مل سکتی ہے، رہنما تحریک انصاف کی گفتگو

جمعرات 6 فروری 2025 23:07

لوگوں کو بلاوجہ ٹرمپ سے توقعات نہیں باندھنی چاہئیں، شاہ محمود قریشی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لوگوں کو بلاوجہ ٹرمپ سے توقعات نہیں باندھنی چاہئیں۔اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں رہائی اپنے موقف اور مقدمات کی پیروی سے مل سکتی ہے۔ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملک میں اصلاحات کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی انفرادی شخص چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، موجودہ قیادت دل اور دماغ سے ملک کا سوچے۔ اس وقت قومی ایجنڈے کی ضرورت ہے، ایک بڑا قومی معاہدہ ہونا چاہیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام جماعتیں آزادانہ اور خود مختار الیکشن کمیشن پر اتفاق کریں، آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن سے کسی کو نقصان نہیں ہوسکتا۔ خود مختار عدلیہ اور میڈیا سے کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو آئین کا حلیہ بگاڑنے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مل کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا، انہوں نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کر کے ملک میں آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹا ہے۔