Live Updates

بانی پی ٹی آئی کے خط کے معاملے پر آرمی چیف نے مختصر اور جامع جواب دیا

بانی پی ٹی آئی کا یہ خط فوج کے خلاف بیانیہ ہے، چیف جسٹس کو لکھا گیا خط شاید میڈیا کو جاری نہیں کیا گیا، اگر آرمی چیف کولکھا خط میڈیا کو جاری نہ کرتے تو ہوسکتا ہے اس کا جواب آجاتا، وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 فروری 2025 21:15

بانی پی ٹی آئی کے خط کے معاملے پر آرمی چیف نے مختصر اور جامع جواب دیا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 13 فروری 2025ء ) وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خط کے معاملے پر آرمی چیف نے مختصر اور جامع جواب دیاہے، بانی پی ٹی آئی کا یہ خط فوج کے خلاف بیانیہ ہے۔ میڈیا کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خط کے معاملے پر آرمی چیف کی میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے ردعمل میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خط کے معاملے پر آرمی چیف نے مختصر اور جامع جواب دیاہے، بانی پی ٹی آئی کا یہ خط نہیں ہے بلکہ فوج کے خلاف بیانیہ ہے ،بانی پی ٹی آئی کی چالوں کو ہر کوئی سمجھتا ہے، جو خط چیف جسٹس کو لکھا گیا ہے وہ شاید میڈیا کو جاری نہیں کیا گیا، اگر صرف آرمی چیف کو خط لکھا جاتا اور میڈیا کو جاری نہ کرتے تو ہوسکتا ہے اس کا جواب آجاتا، خط پہلے ہی میڈیا کو جاری کیا گیاجس کا مقصد پروپیگنڈا کرنا تھا اور وہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا،خط کی باتیں سب چالیں ہیں، اگر کوئی خط ملا بھی تو وزیراعظم کو بھجوا دوں گا، خط ملا بھی تو نہیں پڑھوں گا،آرمی چیف نے وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزاز میں ظہرانے کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ ملک بہت اچھے انداز سے آگے بڑھ رہا ہے۔ پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے اورپاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اڈیالہ جیل سے آرمی چیف کے نام تیسرا کھلا خط لکھا گیا ہے۔ اپنے خط میں عمران خان کا کہنا ہے کہ " میں اپنی ذات کے لیے کوئی ڈیل یا اپنی جماعت کے لیے کسی سے کوئی رعایت نہیں مانگ رہا- بطور سابق وزیراعظم اور محب وطن پاکستانی مجھے صرف اپنی فوج کی ساکھ کی بحالی اور وطن عزیز کا مفاد مقصود ہے۔ اس امر کے باوجود کہ فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اورروزانہ شہادتیں ہو رہی ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں کے باعث عوام اور فوج کے درمیان ہم آہنگی نہیں ہے۔

میں آئی ایس پی آر سے کہتا ہوں کہ جھوٹا بیانیہ نہ دیا کریں۔ بار بار یہ کہنا کہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کرتی، قوم کی عقل کی توہین ہے۔ سوشل میڈیا کے اس دور میں کوئی چیز نہیں چھپ سکتی، ملک کا بچہ بچہ واقف ہے کہ آرمی چیف ہی اس ملک کا نظام چلاتے ہیں۔ انتخابات میں دھاندلی ہو یا اراکین پارلیمینٹ کی خرید و فروخت، عدلیہ کی تباہی ہو یا عوامی رائے دہی پر قدغن کے کالے قانون، ناصرف ہماری باشعور قوم بلکہ عالمی برادری کو بھی معلوم ہے کہ اس کے پیچھے کون سے "نامعلوم” ہاتھ کارفرما ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات