Live Updates

’عمران خان کا سپاہی ہوں‘ شیرافضل مروت کا قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے سے انکار

میں عمران خان سے ناراض ہوں وہ مجھ سے ناراض نہیں، میرا اتنا حق تو بنتا ہے کہ میں ناراض ہو جاؤں؛ رکن قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 فروری 2025 10:42

’عمران خان کا سپاہی ہوں‘ شیرافضل مروت کا قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف سے نکالنے جانے کے باوجود رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں عمران خان سے ناراض ہوں وہ مجھ سے ناراض نہیں، بانی پی ٹی آئی کا میں سپاہی ہوں میرا اتنا حق تو بنتا ہے کہ میں ناراض ہو جاؤں، کھسر پھسر پر قومی اسمبلی کی سیٹ کیوں چھوڑوں؟۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں میں نے پہلے قیدی نمبر 804 کے حق میں نعرے لگائے، میرا منہ اپنے لوگوں کی طرف تھا پھر میں نے نعرہ لگایا مجھے کیوں نکالا، جنہوں نے مجھے پارٹی سے نکلوایا ڈر اور خوف کا عالم یہ ہے کہ میڈیا پر بتاتے نہیں، یہ لوگ اپنے پی ٹی ائی کے میڈیا گروپ سے بھی ڈرتے ہیں، لوگ پوچھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے کب نکالو گے؟ میں نے کہا جس نے نکلوانا تھا انہوں نے مجھے پارٹی سےنکلوا دیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی سے نکالے جانے والے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو ملاقات کے لیے بلالیا، شیر افضل مروت کو پارٹی رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا دیا، جس پر شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مجھے ممبر اسمبلی نے بتایا عمران خان نے مجھے بلایا ہے، ملاقات میں شکوہ کروں گا کہ بغیر سنے مجھے کیوں نکالا؟۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی ارکان نے شیر افضل مروت کے حق میں بانی کو پیغام بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، زرتاج گل، جنید اکبر اور دیگر ارکان شریک ہوئے، پارلیمانی پارٹی نے شیر افضل مروت کو نکالنے کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کیا اور سوال اُٹھایا کہ ہم سب کو بتایا جائے مروت کو کیوں نکالا؟ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اسے اندرونی سطح پر حل کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات