گورنر ہاؤس پشاور میں ایک روزہ رنگا رنگ آرٹ نمائش کا انعقاد

گورنر نے آرٹ نمائش میں مختلف یونیورسٹیوں کی طالبات کیجانب سے لگائے گئے مختلف مصنوعات کے اسٹالز کا معائنہ کیا فن صرف رنگوں اور تصاویر کا امتزاج نہیں بلکہ ایک زبان ہے، ایسی آرٹ نمائش نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہے،فیصل کریم

منگل 18 فروری 2025 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک اور خصوصی اقدام اٹھاتے ہوئے منگل کے روزگورنر ہاؤس پشاور میں ایک روزہ رنگا رنگ آرٹ نمائش کا انعقاد کیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گیسٹ آف آنر نامور فنکار یوسف بشیر قریشی اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئرپرسن جہاں آراء منظور وٹوکے ہمراہ آرٹ نمائش کا افتتاح کیا۔

گورنر نے آرٹ نمائش میں مختلف یونیورسٹیوں کی طالبات کیجانب سے لگائے گئے مختلف مصنوعات کے اسٹالز کا معائنہ کیا ۔گورنر نے اسٹالز میں خیبر پختونخوا کی ثقافت، روایات پر مبنی تیار کردہ مصنوعات پر طالبات کی حوصلہ افزائی کی ۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ گورنر ہاؤس میں آرٹ نمائش کی میزبانی کرنا میرے لئے باعث فخر ہے، آرٹ نمائش میں مختلف فن پاروں،مصنوعات کے ذریعے صوبہ کی بہترین ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فن صرف رنگوں اور تصاویر کا امتزاج نہیں بلکہ ایک زبان ہے، ایسی آرٹ نمائش نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔گورنرنے کہاکہ صوبہ میں امن کے پرچار کیلئے صوبہ کا سافٹ امیج اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ہماری تاریخ، ثقافت، روایات ہماری پہچان ہیں۔گورنرنے کہاکہ خواتین کی خودمختاری کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ہمیں معاشرتی و سماجی ترقی کیلئے اپنے نوجوانوں بالخصوص طالبات کو تعلیم، فن، کاروبار میں بھرپور مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔

گورنرنے کہاکہ صوبے میں دہشت گردی اورانتہاپسندی کا مقابلہ سافٹ امیج کے ذریعے کرناہے اورایسی تقریبات کے انعقاد سے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی صوبے کا سافٹ امیج سامنے آئیگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم صوبے میں کھیلوں کے میدان بھی آبادکریں گے اور ہم سب نے ملکرخیبرپختونخوا کو ترقیافتہ اور پُرامن صوبہ بناناہے۔ گورنرنے کہاکہ آرٹ گیلریز، ثقافتی مراکز اور تعلیمی اداروں میں بھی ایسی سرگرمیوں کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

گورنرنے نمائش میں خصوصی طور پرشرکت کرنے پریوسف بشیر قریشی اور ملک کے دیگر صوبوں سے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ اد ا کیا۔تقریب سے کراچی سے آئے ہوئے نامورفنکار اور تقریب کے گیسٹ آف آنر یوسف بشیرقریشی اور ڈاکٹر گلزار جلال نے بھی خطاب کیا اور گورنر ہاؤس میں آرٹ نمائش کے انعقاد پر گورنر خیبرپختونخوا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ ایسے پروگرام نہ صرف طلباء کی حوصلہ افزائی کاسبب بنتی ہے بلکہ اس صوبے کا سافٹ امیج بھی اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

تقریب میں گیسٹ آف آنر نامور فنکار یوسف بشیرقریشی،پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئرپرسن جہاں آراء منظوروٹو،رکن صوبائی اسمبلی ارباب زرک خان،سابق نگران صوبائی وزراء ملک مہرالٰہی، عدنان جلیل، پنجاب سے سابق اراکین پارلیمنٹ،پی پی پی رہنما رضاء اللہ خان چغرمٹی سمیت یونیورسٹی آف پشاور، شہید بینظیربھٹووویمن یونیورسٹی، سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اقراء نیشنل یونیورسٹی، کالج آف ہوم اکنامکس، روٹس میلینیم یونیورسل کالج کے آرٹ اینڈڈیزائن ڈیپارٹمنٹ کے فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات ،آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کے اراکین اوردیگر نے شرکت کی۔

تقریب کے آخر میں گورنرفیصل کریم کنڈی نے یوسف بشیر قریشی، منتظمین اور نمائش میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات اور فیکلٹی اراکین کو یادگاری شیلڈبھی پیش کئے۔