پشاور بی آر ٹی پچھلے پانچ سال میں چلی کم ہے اور جلی زیادہ ہے، عظمی بخاری

پیر 24 فروری 2025 19:22

پشاور بی آر ٹی پچھلے پانچ سال میں چلی کم ہے اور جلی زیادہ ہے، عظمی بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں بائیکر لائن کا رنگ لوکل کمپنی نے ایک سال کی گارنٹی پر ٹیسٹ کے طور پرلگایا ہے۔اس میں پنجاب حکومت کا ایک دھیلے کا بھی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کمپنی کو کوئی ادائیگی کی گئی ہے۔ وہی کمپنی دوبارہ بائیکر لائن کا رنگ کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی پچھلے پانچ سال میں چلی کم ہے،جلی زیادہ ہے اور آئے روز یہ حادثات کا شکار ہوتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

پشاور میٹرو کے آج بھی کے پی حکومت نے60 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔پشاور بی آر ٹی کا کیس آج بھی عالمی عدالت میں چل رہا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ بیرسٹر سیف ہمیشہ پنجاب پر تنقید کر کے خبروں میں زندہ رہنے کی بھونڈی کوشش کرتے ہیں۔

جن کی اپنی کارکردگی بتانے کے لائق نہ ہو وہ دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے نکالتے ہیں۔کے پی حکومت کے ترجمان نے آج تک قوم کو اپنے وزیراعلی کی کارکردگی نہیں بتائی۔کے پی میں آج بھی لوگ ندی نالوں سے ڈولیوں میں اور بائیکس کو ندیوں سے عبور کراتے ہیں۔پنجاب میں میٹرو بس،اورنج ٹرین کے بعد ٹرام اور انڈر گراونڈ گرین لائن بننے جا رہے ہیں۔