Live Updates

دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑدیا گیا، بھارت کی وارننگ، ہنگامی الرٹ جاری

سیلابی صورتحال پر بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کو معلومات فراہم کرتے ہوئے آگاہ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 12:22

دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑدیا گیا، بھارت کی وارننگ، ہنگامی الرٹ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑدیا، جس کے بعد وزارت آبی وسائل نے نقصانات سے بچنے کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کردیا۔ وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کے حوالے سے سفارتی چینل کے ذریعے پاکستان کو آگاہ کیا، بھارت کی طرف سے مختلف مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب سے بھی آگاہ کیا گیا، مزید پانی آنے سے ہریکے اورفیروز پور میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سیلابی صورتحال پر بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو معلومات فراہم کرتے ہوئے آگاہ کیا، جس کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا الرٹ جاری کیا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی اور بتایا کہ ہریکے اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، سول انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں سے دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے، دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے، جب کہ سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 37 ہزار کیوسک ہے۔

اسی طرح دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 69 ہزار کیوسک ہے، دریائے چناب، خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، خانکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 8 ہزار کیوسک ہے، دریائے چناب میں قادر اباد کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے چناب، قادرآباد پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے، دریائے چناب ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 16 ہزار کیوسک ہے، پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 52 ہزار کیوسک ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 28 ہزار کیوسک ہے، شاہدرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 59 ہزار کیوسک ہے، دریائے راوی بلوکی ہیڈ ورکس پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 4 ہزار کیوسک ہے، دریائے راوی ہیڈ سدھنائی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات