Live Updates

اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی مددکیلئے مزید 5 ملین ڈالر مختص

فنڈز سیلاب متاثرین کو نقد رقم کی منتقلی،یگر فوری ضروریات میں معاونت کریں گے،ٹام فلچر

منگل 9 ستمبر 2025 13:47

اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی مددکیلئے مزید 5 ملین ڈالر مختص
اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے اقوام متحدہ کے مرکزی ایمرجنسی رسپانس فنڈ (سی ای آر ایف)سے تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے سلسلے میں پاکستان کیلئے مالی امداد کے طور پر مزید 5 ملین ڈالر مختص کئے ہیں۔ یہ بات عالمی ادارے کے ترجمان نے بتائی۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں دوپہر کی باقاعدہ بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ یہ فنڈز سیلاب متاثرین کو نقد رقم کی منتقلی، صحت، پانی اور صفائی، پناہ گاہوں اور خوراک سمیت دیگر فوری ضروریات میں معاونت کریں گے،صورتحال سے نمٹنے کیلئے مزید فنڈز کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے انسانی ہمدردی کے کارکن حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو امداد فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ترجمان نے اقوام متحدہ کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بہت سے دیہات زیر آب ہیں، جن میں بعض میں پانی کی گہرائی 10 میٹر تک ہے، جس سے ظاہر ہے کہ انسانی ہمدردی کی رسائی اور صورتحال کا اندازہ لگانے کی صلاحیت میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحی ضروریات میں صفائی، حفظان صحت، صحت، پناہ گاہیں، خوراک اور پانی شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ صحت میں کام کرنے والے ہمارے شراکت داروں نے کئی حصوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات