یوکرین پر روسی حملوں کی گوتیرش کیطرف سے کڑی مذمت

یو این منگل 9 ستمبر 2025 11:45

یوکرین پر روسی حملوں کی گوتیرش کیطرف سے کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے اتوار کی رات یوکرین پر روس کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے جن میں بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ شہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اس کشیدگی میں ایک اور بڑا اضافہ ہے۔

شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہیں جنہیں فوری بند ہونا چاہیے۔

اطلاعات کے مطابق، حالیہ حملوں میں 80 سے زیادہ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جن میں ایک این جی او کے لیے کام کرنے والی خاتون اور ان کا دو سالہ بیٹا بھی شامل ہیں۔

روس کے حملوں سے دارالحکومت کیئو کے علاوہ ژیپوریژیا، اوڈیسا، چرنیئو، خارکیئو، کریمنچک، کریوی ری اور کیرسون میں بھی انسانی نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جنگ بندی کا مطالبہ

سیکرٹری جنرل نے یوکرین میں فوری، مکمل اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اسے منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کی جانب پہلا قدم ہونا چاہیے۔ ایسا امن جس میں اقوامِ متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور متعلقہ قراردادوں کے تحت یوکرین کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کو مکمل طور پر تسلیم کیا جائے۔

دریں اثنا، ملک میں انسانی امداد کی آمد جاری ہے۔ 5 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کے اداروں اور ان کے شراکت داروں نے ڈونیسک کے متعدد دیہاتوں میں تقریباً 1,000 افراد کے لیے طبی اور صحت و صفائی کا سامان فراہم کیا جو اس سال ملک میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام بھیجا جانے والا دسواں امدادی قافلہ تھا۔