کراچی کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی؛ 3 منزلہ عمارت گرگئی‘ متعدد افراد زخمی

اس وقت 11 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں لیکن آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا؛ ریسکیو حکام

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 11:48

کراچی کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی؛ 3 منزلہ عمارت گرگئی‘ متعدد ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اگ سے متاثرہ فیکٹری کی 3 منزلہ عمارت گرگئی جس کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے، فیکٹری میں کپڑے اور دیگر کیمیائی مواد موجود تھا جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت منٹوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کے علاقہ نیو کراچی میں صبا سینما کے قریب واقع گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگ گئی، فائربریگیڈ حکام نے بتایا کہ جیسے ہی فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تو اس کے بعد فوری طور پر 2 گاڑیاں آگ بجھانے کیلئے روانہ کی گئیں لیکن آگ کی شدت میں اضافے کے بعد مزید گاڑیاں طلب کی گئیں اور اس وقت 11 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں لیکن آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔

بتایا گیا ہے کہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرچکی ہے، جس نے پہلے فیکٹری کی پہلی منزل کو اپنی لپیٹ لیا لیکن دیکھتے ہی دیکھتے آگ پوری فیکٹری میں پھیل گئی اور نیو کراچی میں گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، فیکٹری کے گرتے ہی زوردار دھماکہ ہوا، اس دوران متعددافراد زخمی ہوگئے اور ریسکیو اہلکاروں کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔