پاکستان ترکیہ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سینٹر فیصل آباد میں قائم ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اکانومی میں باہمی تعاون بڑھایا جائے گا ،وفاقی وزیرجام کمال خان

منگل 9 ستمبر 2025 13:27

پاکستان ترکیہ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سینٹر فیصل آباد میں قائم ،انفارمیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان۔ترکیہ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سینٹر فیصل آباد میں قائم کیا جائے گا ،نوجوانوں کے لیے ووکیشنل ٹریننگ پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اکانومی میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں16 ویں پاک ۔ ترکیہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک وزیر دفاع یاشار گولر نے کی۔ اجلاس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ قدرتی شراکت دار ہیں، سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل ترک سرمایہ کاروں کی بھرپور معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ترک سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سہولتوں کی پیشکش کی ہے ، شمسی، ہوا اور پن بجلی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تیل و گیس کی تلاش اور ایل این جی تجارت کو بھی بڑھایا جائے گا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نجی شعبے کو سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کریں ، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ بینک ایبل منصوبوں کی تجویز بھی دی ۔

جام کمال خان نے کہا کہ ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی قابلِ تحسین ہے، انہوں نے دفاعی پیداوار اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر مشترکہ اقدامات کا اعلان بھی کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ اجلاس میں زراعت کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا ،سیڈ ٹیکنالوجی، فوڈ پراسیسنگ اور مویشی بانی میں تعاون بڑھایا جائے گا ،اس کے علاوہ لائیو سٹاک اور ماہی پروری میں سرمایہ کاری پر بھی اظہار خیال کیا گیا ۔

وفاقی وزیر نےفارماسوٹیکل، بایوٹیکنالوجی اور میڈیکل ڈیوائسز میں تعاون کی تجویز بھی پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ “Heal in Türkiye” صحت سیاحت کے لیے نیا پل بنے گا،تعلیم اور تحقیق دونوں ممالک کے لیے ترجیحی شعبہ ہے۔ جام کمال نے کہا کہ ای کامرس، فِن ٹیک اور مصنوعی ذہانت دونوں ممالک کے تعاون کا حصہ ہوں گے،سائبر سکیورٹی کے لیے مشترکہ اقدامات شروع کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور میری ٹائم لنکیجز میں شراکت داری پر اتفاق کیا گیا ،ایوی ایشن پارٹنرشپ میں توسیع پر بھی دونوں ممالک متفق ہیں ۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کو ترکیہ میں سہولت دینے کی تجویز زیر غور ہے ،اس کے علاؤہ مشترکہ میڈیا پروڈکشن اور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر بات چیت کی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں،فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی ۔ انہوں نے جے ایم سی کے پروٹوکول کو دونوں ممالک کے لیے روڈ میپ قرار دیا ۔\932