امن و امان کے حوالے سے حکومتی رٹ ختم ہو چکی‘سراج الحق

ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کے دو واقعات رونما ہونا سوالیہ نشان ہے،امیرجماعت اسلامی

بدھ 5 مارچ 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے حکومتی رٹ ختم ہو چکی، ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کے دو واقعات رونما ہونا سوالیہ نشان ہے، صوبے کے عوام نے بڑی قربانیاں دیں، دھماکے میں معصوم بچوں سمیت 12 سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت صوبے پر توجہ دیں آپس کے سیاسی اختلافات کے باعث صوبے کے عوام کو سب سے زیادہ مشکلات درپیش آرہی ہیں، ایک طرف تو مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف امن و امان کی صورتحال بھی ابتر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ بنوں کینٹ میں دھماکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال روز بروز ابتر ہو رہی ہے، لیکن صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت خوب غفلت میں سوئی ہوئی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے دونوں ممالک مل بیٹھ کر امن کے لیے قائم کرے جو دونوں ممالک کی مفادات کے لیے ہے۔