خواتین کا کردار ہمارے معاشرے میں انتہائی اہم ہے ،سید مہدی شاہ

ہفتہ 8 مارچ 2025 17:19

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ خواتین کا کردار ہمارے معاشرے میں انتہائی اہم ہے ،دین اسلام نے خواتین کے رتبے اور حقوق کا تعین چودہ سو سال قبل کیا۔ ہفتہ کو یہاں خواتین کے عالمی دن کے حوالہ سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت بی بی فاطمہ زہراء ؓاور حضرت زینبؓ کی زندگی پوری امت مسلمہ کےلئے بہترین عملی نمونہ ہے، اسلام نے خواتین کو ماں کے روپ میں قدموں تلے جنت اور بیٹی کی روپ میں گھر کی رحمت قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ پاکستان میں خواتین کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کا دست بازو بن کر تحریک آزادی پاکستان میں کردار ادا کیا، اسی طرح دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جس طرح جرات اور بہادری سے جمہوریت کےلئے قربانی دی اسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

گورنر سید مہدی شاہ نے مزید کہا کہ بیگم رعنا لیاقت علی خان اور بیگم بلقیس ایدھی جیسی بہادر خواتین گزری، پاکستانی خواتین سائنس سے سیاست تک، فن سے کھیل تک اور زندگی کے دیگر شعبوں میں کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں، کوئی بھی قوم تب تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نہ ہوں، خواتین کو معاشرے کی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عالمی دن پر خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔