پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنمائوں کے بیان سندھ کے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے دیئے جارہے ہیں،جی ڈی اے

سندھ کے عوام اب جاگ چکے ہیں اور اپنے جائز حقوق پر کسی صورت ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے،پیرصدرالدین شاہ راشدی/ڈاکٹرصفدرعباسی

اتوار 9 مارچ 2025 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)جی ڈی اے کے مرکزی رہنمائوں سید صدرالدین شاہ راشدی ، ڈاکٹر صفدر عباسی ، سید زین شاہ ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور سردار عبدالرحیم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنمائوں کے بیان سندھ کے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے دیئے جارہے ہیں ، ایک طرف صدر آصف زرداری کی اجازت سے بننے والے نئے کینال کا فیصلہ ہے تو دوسری طرف پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما کینال مخالف بیان دیکر سندھ کے عوام کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ، جی ڈی اے رہنمائوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اب جاگ چکے ہیں اور اپنے جائز حقوق پر کسی صورت ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے۔

ایکنک ، این ای سی اور سی سی آئی میں اب پیپلز پارٹی کی اداکاری نہیں چلے گی،سندھ کی عوام ایسے شعبدہ بازیوں کی سازشوں کو اچھی طرح جانتے ہیں ، عوام دریائے سندھ کو بچانے کے لیے متحرک ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

جی ڈی رہنمائوں نے کراچی سمیت سندھ بھر میں خاص طور پر وکلا اور خواتین کے مظاہروں کو سراہا ۔جی ڈی اے کے رہنمائوں نے طلبا خاص طور پر سندھ یونیورسٹی اور شہید بینظیر یونیورسٹی نوابشاہ کے طلبا کا حق اور سچ کی آواز اٹھانے پر انتظامیہ کا ان پر بیجا تشدد اور جھوٹے مقدمات درج کرنا نا قابل مزمت قرار دیا ۔

رہنمائوں نے کہا کہ خواتین کا عورتوں کے عالمی دن پر اپنے حقوق کیلیے آواز اٹھانے کے ساتھ سندھ دھرتی کے پانی کے حق پر ڈاکہ کے خلاف مظاہرے قابل ستائش ہیں ۔ جی ڈی اے رہنمائوں نے پیپلز پارٹی کے منافقانہ سیا ست کو سندھ دشمن اور عوام دشمن قرار دیا لیکن اب عوام سندھ دشمنوں کو جان چکی ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام اور میڈیا کی آواز کو دبانے کے لیے پیکا ایکٹ نافذ کرنے جیسے ظالمانہ فیصلے کیے گئے ہیں لیکن جمہور اور عوام کی آواز کو کوئی نہی دبا سکتا۔